ٹرمپ کے آتے ہی بازی پلٹ گئی، عمران خان کی 9 مئی کے مقدمات میں بھی ضمانت منظور، رہا کب ہونگے؟

مقبول خبریں

کالمز

موسم

قیمتیں

ٹرانسپورٹ

PTI founder imran khan granted bail in four May 9 cases

لاہور: انسداد دہشت گردی کی عدالت نے پاکستان تحریک انصاف کے بانی عمران خان کو 9 مئی کے چار مقدمات میں ضمانت دے دی ہے۔

کیس کی سماعت اے ٹی سی کے جج ارشد جاوید نے کی اور سابق وزیراعظم عمران خان کی جانب سے دائر ضمانت کی درخواستوں کو منظور کر لیا۔

پنجاب کے پراسیکیوٹر جنرل فرہاد علی نے عدالت میں دلائل پیش کرتے ہوئے ضمانت کی درخواستوں کی مخالفت کی اور کہا کہ عمران خان نے اپنے کارکنان کو گرفتاری کی صورت میں اہم سرکاری عمارات پر حملہ کرنے کی ہدایت دی تھی۔

اس سے قبل پی ٹی آئی کے بانی عمران خان نے اسلام آباد ہائی کورٹ میں ایک درخواست دائر کی تھی جس میں 9 مئی کے مقدمات کو فوجی عدالتوں میں منتقل کرنے کے فیصلے کے خلاف اپیل کی گئی۔

عمران خان نے یہ درخواست اپنے وکیل عزیز کرامت بھنڈاری کے ذریعے دائر کی اور سیکرٹری قانون، سیکرٹری داخلہ، آئی جی اسلام آباد، آئی جی پنجاب، آئی جی جیل خانہ جات، ڈی جی ایف آئی اے، اور وفاقی حکومت کو اس مقدمے میں فریق بنایا گیا۔

انہوں نے عدالت سے درخواست کی کہ 9 مئی کے مقدمات کو فوجی عدالت میں منتقل نہ کیا جائے۔

ایک اور پیش رفت میں، انسداد دہشت گردی کی عدالت نے 9 مئی کے فسادات کیس میں ثبوت کی کمی کی بنیاد پر پی ٹی آئی کے کارکنان سمیت تمام 18 ملزمان کو بری کر دیا۔

9 مئی 2023 کو سابق وزیر اعظم عمران خان کی گرفتاری کے بعد پورے پاکستان میں شدید مظاہرے ہوئے۔ کارکنوں نے مختلف شہروں میں احتجاج کیا اور بلوچستان، پنجاب، خیبر پختونخوا، اور اسلام آباد میں امن و امان کو برقرار رکھنے کے لئے فوج کو طلب کیا گیا۔ اس دوران فوجی تنصیبات، بشمول لاہور میں کور کمانڈر کا گھر، پی ٹی آئی کارکنوں کے احتجاج کے دوران نشانہ بنے۔

واضح رہے کہ امریکا میں صدارتی الیکشن میں کامیابی کے بعد پاکستان میں ڈونلڈ ٹرمپ کی طرف سے عمران خان کی رہائی کیلئے دباؤ کی افواہیں گرم ہیں تاہم عمران خان کی ضمانت یا رہائی سے نومنتخب امریکی صدر کا کوئی تعلق نہیں ہے۔

یہ بات قابل ذکر ہے کہ پی ٹی آئی بانی عمران خان کو 9 مئی کے فسادات کے تمام مقدمات میں مرکزی ملزم کے طور پر نامزد کیا گیا ہے جس کی وجہ سے 4 مقدمات میں ضمانت کے باوجود عمران خان کی فوری جیل سے رہائی کا کوئی امکان نہیں ہے۔

Related Posts