اسلام آباد: صدرِ مملکت ڈاکٹر عارف علوی کے عہدے کی مدت ختم ہوگئی، ڈاکٹر عارف علوی نے نئے صدر کے انتخاب تک اپنے عہدے پر کام جاری رکھنے کا فیصلہ کرلیا ہے جبکہ پی ٹی آئی کی جانب سے صدر سے انتخابات کی تاریخ دینے کا مطالبہ سامنے آگیا۔
تفصیلات کے مطابق صدرِ مملکت ڈاکٹرعارف علوی کے عہدے کی آئینی مدت ختم ہوگئی جس کے بعد صدرِ مملکت نئے صدر کے انتخاب تک کام جاری رکھیں گے۔ صدرِ مملکت مبینہ طور پر انتخابات کی تاریخ کے اعلان سے متعلق فیصلہ بدل چکے ہیں۔
نواز شریف نے آئندہ ماہ پاکستان واپسی کی تصدیق کردی
حال ہی میں سامنے آنے والی ایک نیوز رپورٹ کے مطابق نگران حکومت کی یقین دہانی کے بعد صدرِ مملکت نے عام انتخابات کی تاریخ کا اعلان کرنے کا آئینی حق استعمال نہ کرنے کا فیصلہ کیا تاہم ڈاکٹر عارف علوی کی سیاسی جماعت پی ٹی آئی اس فیصلے سے خوش نہیں۔
پی ٹی آئی کی کور کمیٹی نے صدر عارف علوی سے عام انتخابات کی تاریخ کے بلا تاخیر اعلان کا مطالبہ کیا ہے۔ کور کمیٹی اجلاس میں صدر کی جانب سے انتخابات کی تاریخ کے فوری تعین کیلئے باضابطہ قرارداد منظور کر لی گئی۔
قرارداد میں کہا گیا کہ پاکستان کو آئینی، سیاسی، انتظامیہ اور جمہوری مسائل کا سامنا ہے۔ اپریل 2022 میں غیر قانونی اقدام سے ریاستی ڈھانچے میں فساد برپا ہوا۔ گزرتے ہوئے ہر روز کے ساتھ ہیجان اور اضطراب میں شدت پیدا ہورہی ہے۔
کور کمیٹی کا اپنی قرارداد میں مزید کہنا ہے کہ پنجاب اور خیبر پختونخوا اسمبلیوں کی بالترتیب 14اور 18 جنوری کو تحلیل کے بعد پی ڈی ایم حکومت 90روز میں انتخابات سے گریزاں رہی۔ سپریم کورٹ 4اپریل 2023 کو جو فیصلہ کر چکی تھی، اس سے یکسر انحراف آئین شکنی کا باعث ہے۔