کراچی: پاکستان اسٹاک مارکیٹ میں کاروبار کے دوران سرمایہ کاروں نے مثبت روئیے کا مظاہرہ کیا، کے ایس ای 100 انڈیکس میں 153 پوائنٹس کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق آج کے ایس ای 100 انڈیکس میں کاروبار کا آغاز 43 ہزار 830 پوائنٹس کی سطح پر ہوا۔ بعد ازاں مارکیٹ میں اتار چڑھاؤ کا رجحان جاری رہا۔
گیس کی کمی، کراچی میں سی این جی اسٹیشن تین روز کیلئے بند
روس یوکرین فوجی آپریشن کے باعث سرمایہ کار تحفظات کا شکار رہے۔ کے ایس ای 100 انڈیکس میں زیادہ سے زیادہ 206 پوائنٹس کا اضافہ اور 131 پوائنٹس تک کی کمی ریکارڈ کی گئی۔
کے ایس ای 100 انڈیکس میں 153اعشاریہ 73 پوائنٹس کا اضافہ ہوا جس سے مارکیٹ 43 ہزار 984اعشاریہ 24 پوائنٹس تک آگئی۔ کاروباری حجم میں 0.35فیصد کا اضافہ ہوا۔
پاکستان اسٹاک مارکیٹ میں مجموعی طور پر 362 کمپنیوں کے شیئرز کی خریدوفروخت ہوئی جن میں سے 131 کے بھاؤ میں کمی جبکہ 206 کے بھاؤ میں اضافہ ہوا۔
اسٹاک مارکیٹ میں کاروباری ہفتے کے آخری روز کل 362 میں سے 25 کمپنیوں کے شیئرز کے بھاؤ میں استحکام رہا۔ مجموعی طور پر 6 ارب 73کروڑ76لاکھ 95 ہزار 676روپے کا کاروبار ہوا۔