پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں آج ایک بار پھر بھرپور تیزی کا رجحان دیکھنے میں آیا جس کے نتیجے میں انڈیکس تاریخ کی نئی بلند ترین سطح پر پہنچ گیا۔
کاروباری دن کے دوران مارکیٹ میں 1700 سے زائد پوائنٹس کا غیرمعمولی اضافہ ریکارڈ کیا گیا اور پہلی بار اسٹاک ایکسچینج نے 139000 اور 140000 پوائنٹس کی تاریخی حدیں عبور کیں۔ 100 انڈیکس میں 1763 پوائنٹس کا اضافہ ہوا، جس کے بعد یہ ریکارڈ سطح 140428 پوائنٹس تک پہنچ گیا۔
یہ امر قابل ذکر ہے کہ جولائی کے ابتدائی 18 دنوں میں کراچی اسٹاک مارکیٹ نے مسلسل روزانہ کی بنیاد پر نئی بلندیوں کے ریکارڈ توڑے ہیں۔ صرف یکم جولائی سے اب تک مارکیٹ میں 12000 پوائنٹس کا مجموعی اضافہ ہو چکا ہے۔
مالی سال 2025-26 کے آغاز اور جولائی کا پہلا مہینہ اب تک اسٹاک مارکیٹ کے لیے انتہائی شاندار ثابت ہوا ہے۔ صرف اس مہینے میں مارکیٹ 128000 پوائنٹس سے بڑھ کر 140000 پوائنٹس تک جا پہنچی ہے۔
گزشتہ روز بھی پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں بھرپور تیزی کا رجحان دیکھا گیا تھا جس کے نتیجے میں انڈیکس نئی بلند ترین سطح پر پہنچا۔
جمعرات کے روز کاروبار کا آغاز 932 پوائنٹس کی تیز رفتار بہتری کے ساتھ ہوا، جس کے بعد کے ایس ای-100 انڈیکس 137312 پوائنٹس پر آ گیا۔
بعد ازاں دن بھر سرمایہ کاروں کے اعتماد میں مزید بہتری آئی اور تیزی کا تسلسل برقرار رہا، جس کے نتیجے میں مجموعی طور پر 1728 پوائنٹس کا اضافہ ہوا۔ اس کے بعد 100 انڈیکس 138108 پوائنٹس کی نئی بلند ترین سطح کو چھونے میں کامیاب رہا۔