کورونا وائرس کی ویکسین سے متعلق خوشیاں منانا قبل از وقت ہے۔ڈاکٹر عطاء الرحمان

مقبول خبریں

کالمز

موسم

قیمتیں

ٹرانسپورٹ

head of the Corona Task Force expressed concern about fourth wave of Corona

پاکستان کے نامور سائنسدان اور وزیرِ اعظم کی کورونا ٹاسک فورس کے سربراہ پروفیسر ڈاکٹر عطاء الرحمان نے کہا ہے کہ کورونا وائرس کی ویکسین سے متعلق خوشیاں منانا قبل از وقت ہے۔

تفصیلات کے مطابق نجی ٹی وی پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے سابق وفاقی وزیر برائے انفارمیشن ٹیکنالوجی پروفیسر ڈاکٹر عطاء الرحمان نے کہا کہ ابھی تک ویکسین منظور نہیں ہوئی جس کیلئے 2 ماہ کا وقت درکار ہوتا ہے۔

گفتگو کے دوران  ڈاکٹر عطاء الرحمان نے کہا کہ جس ویکسین کی تیاری کی بات کی جارہی ہے، اسے منفی 80 ڈگری سینٹی گریڈ کے درجۂ حرارت پر رکھنا ہوگا اور پاکستان سمیت تیسری دنیا کے تمام ممالک میں منفی 80 ڈگری پر ٹرانسپورٹ موجود نہیں ہے۔

پروفیسر ڈاکٹر عطاء الرحمان نے کہا کہ ویکسین کی بڑے پیمانے پر تیاری اور قیمت کا تعین بھی ایک اہم مسئلہ ہے تاکہ ویکسین عوام کیلئے قابلِ رسائی ہو اور لوگ اسے خرید بھی سکیں اور ویکسین کا اثر 2 ماہ تک برقرار رہے گا یا 3 ماہ تک، یہ بھی فی الحال معلوم نہیں ہے۔

ویکسین کی تیاری کے حوالے سے پروفیسر ڈاکٹر عطاء الرحمان نے بتایا کہ چینی کمپنی کے ویکسین پر کلینیکل ٹرائلز کامیاب ہیں جو پاکستان کیلئے نسبتاً بہتر ہے اور اس کیلئے منفی 80 ڈگری پر ٹرانسپورٹیشن کی بھی ضرورت نہیں۔ 

قبل ازیں  کورونا وائرس کی ویکسین تیار ہو گئی جس کے متعلق امریکی اور جرمن کمپنیوں کا دعویٰ تھا کہ ویکسین کے ٹرائلز کیے گئے جن کے 90 فیصد نتائج مثبت نکلے۔

 دو بڑی دوا ساز کمپنیوں نے کورونا وائرس کی ویکسین تیار کرنے کا دعویٰ کیا ہے کمپنیز کے مطابق ویکسین استعمال کرنے کے بعد 7 روز کے اندر اندر جسم میں کورونا کے خلاف مدافعت کیلئے 90 فیصد اینٹی باڈیز بن جاتے ہیں جبکہ 28 روز میں 2 ویکسینز استعمال کی جائیں گی۔

دوا ساز کمپنی کے مطابق کورونا وائرس کی ویکسین کے ٹرائلز میں 43 ہزار سے زائد افراد شریک ہوئے جن پر ویکسین کا تجربہ حوصلہ افزاء ثابت ہوا۔ کورونا کے خلاف 90 فیصد اینٹی باڈیز کی تخلیق کے تجربے کے بعد طبی ماہرین کو امید ہے کہ کورونا وائرس کی ویکسین جلد مارکیٹ میں بھی دستیاب ہوگی۔ 

اس حوالے سے سبکدوش ہونے والے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ پہلے ہی یہ اعلان کرچکے ہیں کہ کورونا وائرس کی ویکسین جلد ہی مارکیٹ میں دستیاب ہوگی جبکہ نومنتخب صدر جو بائیڈن نے ویکسین تیار کرنے والی ٹیم کو مبارکباد دی ہے۔

دوسری جانب کورونا ویکسین کے 90 فیصد نتائج مثبت آنے پر دُنیا بھر میں معاشی اشارئیے بہتری کی جانب راغب نظر آئے، امریکی اور یورپی مارکیٹس میں انڈیکسز کے پوائنٹس میں بہتری کا رجحان غالب آگیا جبکہ تیزی ایشیائی مارکیٹس میں بھی دیکھی گئی۔

مزید پڑھیں: کورونا کی شکست  قریب، ویکسین  90 فیصد مؤثر ثابت

Related Posts