کراچی میں سرکاری احکامات کو نظر انداز کرتے ہوئے نجی اسکولز نے آج سے ہی تعلیم کا سلسلہ بحال کردیا۔ نجی انتظامیہ نے اسکول کھول دئیے اور طلبہ و طالبات کو پڑھنے کیلئے بلا لیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق محکمہ تعلیم سندھ کی جانب سے موسم گرما کی تعطیلات میں 14روز کا اضافہ کیا گیا تھا۔ تعلیمی اداروں کو کھولے جانے کی تاریخ 15اگست مقرر کی گئی تھی، کراچی کے نجی اسکولز نے یکم اگست سے ہی اسکول کھول کر سرکاری احکامات ہوا میں اڑا دئیے۔
دوسری جانب رجسٹرار پرائیویٹ انسٹی ٹیوشن پروفیسر رفعیہ ملاح نے صورتحال کا سخت نوٹس لیتے ہوئے متنبہ کیا کہ سندھ حکومت نے 23 جولائی کو نوٹیفکیشن جاری کیا تھا کہ سرکاری و نجی اسکولز 14اگست تک موسم گرما کی تعطیلات کیلئے بند رہیں گے۔
نجی اسکول مالکان کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ اسکولز کو 14اگست تک تمام قسم کی تعلیمی سرگرمیوں کیلئے بند رکھیں، بصورتِ دیگر حکم کے خلاف اسکول کھولنے والے مالکان کے خلاف سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔
اسکول مالکان کو کیا مسئلہ ہے؟
شہرِ قائد میں نجی اسکولز میں تعلیم کے نام پر بچوں سے بھاری بھرکم بیگ اٹھوانے کی مشقیں اور نوٹ بک کے علاوہ ڈائریاں بھروائی جاتی ہیں، کم تنخواہ پر نااہل اساتذہ بھرتی کرکے تعلیم کا جنازہ نکالا جارہا ہے۔ ایسے میں تعلیمی کارکردگی کے نام پر اسکول مالکان کے پاس دیگر اسکولز سے زیادہ دن کام کرنے کے سوا دکھانے کیلئے اور کوئی سرٹیفکیٹ نہیں ہے۔