وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ بھارت نے جارحیت کرکے جو فاش غلطی کی، اس کا خمیازہ اب اسے ضرور بھگتنا ہوگا، بھارت شاید سمجھتا ہے ہم پیچھے ہٹ جائیں گے، کشمیریوں کو حق رائے دہی ملنے تک تنازع رہے گا۔
وزیراعظم شہبازشریف نے قوم سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ گزشتہ رات بھارت نے جارحیت کرکے جو فاش غلطی کی، بھارت نے جو کیا ہے اس کا خمیازہ اب اسے ضرور بھگتنا ہوگا، شاید وہ سمجھ بیٹھے تھے کہ ہم پیچھے ہٹ جائیں گے لیکن وہ یہ بات بھول گئے کہ پاکستانی قوم بہادروں کی قوم ہے، جو اپنے عزم میں فولادی ہے، جس کے سپوتوں نے خود کو میدان جنگ سے نکھارا ہے، جو اپنے وطن کی عزت اور حفاظت کے لیے خون کے آخری قطرے تک لڑنے کے لیے تیار ہے۔
وزیراعظم نے کہا کہ ہماری افواج نے دشمن کو گھٹنے ٹیک پر مجبورکردیا، گزشتہ رات پوری دنیا نے دیکھا کہ عددی اعتبار سے کئی گنا بڑے دشمن کو گھٹنے ٹیکنے میں صرف چند گھنٹے لگے اور اللہ کے فضل و کریم سے ہمارے شاہینوں نے فضا میں ایسا طوفان برپا کیا کہ دشمن چیخ اٹھا، بھارت کے 5 جنگی طیارے مار گرائے، بھارت اپنے جنگی طیاروں پر بہت غرور کرتا تھا، ہمارے شاہینوں نے بھارت کو دندان شکن جواب دیا۔
شہباز شریف نے مزید کہا کہ یہ ہمارا دندان شکن جواب تھا جس میں اسکوارڈن لیڈر ایم ایم عالم کی گرج تھی، جو کل رات دوبارہ پورے زور سے گونجی اور ہمارے شاہینوں نے دشمن پر ایسی کاری ضربیں لگائیں، جو وقت کا مرہم بھی کبھی نہیں بھر سکے گا۔
وزیراعظم نے کہا کہ ہم یہ عہد کرتے ہیں کہ دشمنوں سے اپنے شہیدوں کے خون کے ایک ایک قطرے کا ضرور حساب لیا جائے گا، یہ وہ بزدل دشمن ہے، جو نہتے انسانوں پر وار کرکے خود کو طاقتور سمجھتا ہے لیکن کل رات ہم نے ثابت کر دیا کہ پاکستان اپنے دفاع میں منہ توڑ جواب دینا جانتا ہے۔
شہباز شریف نے مزید کہا کہ ہمارے جوانوں نےدشمن کے جہازوں کو پرخچے اڑادیے، ہماری قوم کو اپنے جوانوں پر ناز ہے، اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق کشمیر متنازع علاقہ ہے، کشمیریوں کو حق خودارادیت ملے بغیر مسئلہ حل نہیں ہوگا۔