اسلام آباد: وزیر اعظم عمران خان میاواکی اربن فاریسٹ کے افتتاح کیلئے لاہور کا دورہ آج کریں گے جہاں وزیر اعلیٰ پنجاب سے ملاقات بھی ہوگی۔
تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم عمران خان آج لاہور کا دورہ کریں گے جہاں میاواکی اربن فاریسٹ کا افتتاح ہوگا۔ وزیر اعلیٰ سردار عثمان بزدار، پنجاب کابینہ کے اراکین اور پی ٹی آئی رہنماؤں سے ملاقاتیں ہوں گی۔
سرکاری دورۂ لاہور کے دوران عثمان بزدار وزیر اعظم عمران خان کو پنجاب میں جاری ترقیاتی منصوبوں کی پیشرفت سے آگاہ کریں گے۔ وزیر اعظم عمران خان پنجاب کابینہ سمیت دیگر اجلاسوں کی صدارت کریں گے۔
وزیر اعظم کو پنجاب میں کورونا وائرس کی تشویشناک صورتحال سے نمٹنے کی حکمتِ عملی، محرم الحرام کے سیکیورٹی انتظامات سمیت دیگر سیاسی و صوبائی امور پر بریفنگ دی جائے گی۔
قبل ازیں وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ اللہ کے فضل سے پاکستان کورونا وباء کے بدترین اثرات سے محفوظ ہے، بہترین کاوش پر این سی او سی کی پوری ٹیم کو خراجِ تحسین پیش کرتا ہوں۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پرگزشتہ روز اپنے پیغام میں وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ کورونا کے خلاف ہماری حکمت عملی کو پوری دنیا نے سراہا، اس کامیابی میں این سی او سی کا کردار قابلِ تحسین ہے۔
مزید پڑھیں: پاکستان کورونا کے خطرناک اثرات سے محفوظ ہورہا ہے، وزیراعظم
یاد رہے کہ وزیر اعظم پاکستان عمران خان منگل کے روز کراچی کا دورہ کریں گے جس کے دوران پی ٹی آئی رہنماؤں، اراکینِ قومی و صوبائی اسمبلی، گورنر سندھ عمران اسماعیل اور دیگر سیاسی رہنماؤں سے ملاقاتیں متوقع ہیں۔
حال ہی میں سندھ کابینہ میں بڑے پیمانے پر تبدیلیاں ہوئیں اور تشکیلِ نو کا عمل مکمل کر لیا گیا جس میں وفاقی وزراء کے قلمدان تبدیل کیے گئے، بعض وزراء قلمدانوں سے ہاتھ دھو بیٹھے اور بعض اراکینِ اسمبلی وزراء بن گئے۔
پی ٹی آئی رہنماؤں کا کہنا ہے کہ سندھ کابینہ میں تبدیلیاں کڑے احتساب سے بچنے، اپنی کرپشن چھپانے اور اقرباء پروری پر پردہ ڈالنے کیلئے کی جارہی ہیں جس کے بعد وزیر اعظم عمران خان کا کراچی کا دورہ کرنے کا فیصلہ سامنے آیا۔
مزید پڑھیں: سندھ کی سیاست میں ہلچل، وزیر اعظم کراچی کا دورہ کریں گے