اسلام آباد: صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی سے اسلام آباد انڈسٹریل ایسوسی ایشن کے وفد نے ملاقات کی ہے۔
تفصیلات کے مطابق اسلام آباد انڈسٹریل ایسوسی ایشن کے وفد نے محمد احمد کی سربراہی میں صدرِ مملکت ڈاکتر عارف علوی سے ملاقات کی۔ صدر مملکت نے ملکی ترقی کیلئے تجارتی سرگرمیاں اور برآمدات مزید بڑھانے کی ضرورت پر زوردیا۔
صدرِ مملکت نے ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ملک میں انفارمیشن ٹیکنالوجی کے شعبے میں سرمایہ کاری کرنے اور آئی ٹی کی برآمدات بڑھانے پر توجہ دینے کی ضرورت ہے۔
انڈسٹریل ایسوسی ایشن اسلام آباد کے وفد نے صدر مملکت کو ملکی معیشت اور برآمدات میں اسلام آباد انڈسٹریل ایسوسی ایشن کے کردار کے بارے میں آگہی دی۔ صدرِ مملکت نے انڈسٹریل ایسوسی ایشن کے کردار کی تعریف کی۔
وفد نے صدر مملکت کو اسلام آباد کے صنعتی شعبے کو درپیش مسائل کے بارے میں بھی بریفنگ دی۔ صدرِ مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے حکومت کی جانب سے وفد کو ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کرائی۔
یاد رہے کہ اس سے قبل صدرِ مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا کہ شعبۂ سیاحت کے پائیدار مستقبل کیلئے منصوبہ بندی کی ضرورت ہے۔
سیاحت کے عالمی دن کے موقعے پر گزشتہ روز اپنے پیغام میں صدرِ مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا کہ مجھے خوشی ہے کہ آج ہم سیاحت کا عالمی دن منا رہے ہیں، ہم خطے کی ترقی و خوشحالی میں شعبہ سیاحت کے کردار و صلاحیت کو بروئے کار لائیں گے۔