کراچی:پاک سر زمین پارٹی کے چیئرمین سید مصطفی کمال نے کہا کہ پاکستان کی معاشی شہ رگ ہونے کے باوجود کراچی آج بنیادی سہولیات سے محروم ہے، کراچی سیکیورٹی رسک بننے جارہا ہے کیونکہ پاکستان کے دشمن پاکستان کی معاشی شہ رگ کی محرومیوں کو پاکستان کے خلاف استعمال کرتے ہیں۔
پاکستان کے چلانے والے اس بات کو سمجھیں کہ کراچی کی استعداد ہی اسکے لیے سب سے بڑا خطرہ ہے، کراچی کے ساتھ زیادتی کا مطلب پورے پاکستان کے ساتھ زیادتی ہے۔
پی ایس پی کے پیش کردہ چھ نکات ہی واحد حل ہے جس میں صرف کراچی کے مسائل کا حل نہیں ہے بلکہ پورے پاکستان کے مسائل کا حل موجود ہے۔ پیپلز پارٹی کی تعصب زدہ اور کرپٹ سندھ حکومت کراچی کی تباہی و بربادی کی براہ راست ذمہ دار ہے جس نے اختیارات و وسائل کو نچلی سطح پر منتقل کرنے کے بجائے اپنے قبضے میں رکھا ہوا ہے۔
آج انہیں کو برابر میں بیٹھا کر گیارہ سو ارب روپے پیکیج کا اعلان وسائل کو ضائع کرنے کے مترادف ہے، آرمی چیف کراچی کے مسائل کے حل کے لیے دو دن کراچی میں گزار کر گئے ہیں، جسکے بعد وزیر اعظم کراچی پہنچے ہیں۔ گو کہ چاروں ریاستی ستونوں آرمی، عدلیہ، وزیراعظم اور میڈیا کا کراچی کی زبوں حالی پر تشویش میں مبتلا ہونا خوش آئند ہے لیکن کراچی کے مسائل باتوں سے حل نہیں ہونگے۔
ہم پہلے دن سے کہتے چلے آئے ہیں کہ مسئلہ اختیار کا نہیں بلکہ کردار کا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پاکستان ہاس میں تربیتی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان خصوصا سندھ نازک دور گزر رہا ہے، صرف اپنی سیاست کو بچانے کے لیے پیپلز پارٹی اور ایم کیو ایم اس صوبے میں تعصب کی آگ بھڑکانا چاہتی ہے تاکہ انکی سیاست چلتی رہے۔