پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں آج منگل کو کاروبار کا آغاز مثبت انداز میں کیا جہاں کے ایس ای-100 انڈیکس نے صبح کے ابتدائی سیشن میں 800پوائنٹس کا شاندار اضافہ حاصل کیا۔ صبح 9:40 بجے، اسٹاک مارکیٹ 139,934 پوائنٹس کی سطح پر ٹریڈنگ کر رہی تھی، جو پچھلے سیشن کے 139,380.05 پوائنٹس کے مقابلے میں نمایاں بہتری کو ظاہر کرتی ہے۔
پیر کے روز بھی پاکستان اسٹاک ایکسچینج نے اپنی چمک دکھائی، جہاں کے ایس ای-100 انڈیکس 172 پوائنٹس کے اضافے کے ساتھ 0.12 فیصد کی مثبت تبدیلی کے بعد 139,380 پوائنٹس پر بند ہوا۔ اس روز مجموعی طور پر 589,306,106 شیئرز کا لین دین ہوا، جو پچھلے ٹریڈنگ ڈے کے 634,810,939 شیئرز کے مقابلے میں قدرے کم تھا۔ شیئرز کی مالیت 34.562 بلین روپے رہی، جو پچھلے روز کے 24.611 بلین روپے سے خاصی زیادہ تھی۔
اسٹاک مارکیٹ میں کل 483 کمپنیوں نے اپنے شیئرز کا لین دین کیا، جن میں سے 251 کمپنیوں کے شیئرز میں اضافہ ہوا، جبکہ 205 کو نقصان اٹھانا پڑا۔ 27 کمپنیوں کے شیئرز کی قیمتیں مستحکم رہیں۔ سب سے زیادہ ٹریڈنگ کرنے والی کمپنیوں میں عائشہ اسٹیل مل نے 51,818,828 شیئرز کے ساتھ 12.76 روپے فی شیئر، آغا اسٹیل انڈسٹریز نے 46,621,631 شیئرز کے ساتھ 9.92 روپے فی شیئر، اور بینک آف پنجاب نے 23,774,754 شیئرز کے ساتھ 13.49 روپے فی شیئر کی شرح سے نمایاں کارکردگی دکھائی۔
اٹلس ہونڈا لمیٹڈ نے سب سے زیادہ اضافہ حاصل کیا، اس کے فی شیئر قیمت میں 77.29 روپے کا اضافہ ہوا اور یہ 1,237.54 روپے پر بند ہوئی۔ دوسرے نمبر پر سازگار انجینئرنگ ورکس لمیٹڈ رہی، جس کے فی شیئر قیمت میں 62.91 روپے کا اضافہ ہوا اور یہ 31,548.00 روپے پر بند ہوئی۔
دوسری جانب، یونی لیور پاکستان فوڈز لمیٹڈ کو سب سے زیادہ نقصان اٹھانا پڑا، اس کے فی شیئر قیمت میں 627.42 روپے کی کمی ہوئی اور یہ 33,512.13 روپے پر بند ہوئی۔ پی آئی اے ہولڈنگ کمپنی لمیٹڈ بی کو بھی 386.62 روپے فی شیئر کی کمی کا سامنا کرنا پڑا، جو 31,548.00 روپے پر بند ہوئی۔