پنوعاقل اور فیصل آباد میں پولیس کی دو الگ الگ کارروائیوں میں چھ خطرناک ڈاکو مارے گئے جبکہ تین فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے، ان مقابلوں میں دو بے گناہ افراد جان کی بازی ہار گئے اور ایک شخص شدید زخمی ہوا۔
پنوعاقل کے نواحی گاؤں میں گزشتہ رات چار ڈاکوؤں نے ڈکیتی کی کوشش کی۔ اہلِ علاقہ نے مزاحمت کی جس پر ڈاکوؤں نے اندھا دھند فائرنگ کر دی۔
فائرنگ کے نتیجے میں دو دیہاتی احمد علی اور نثار محمد موقع پر جاں بحق ہو گئے، جبکہ حفیظ مہر شدید زخمی ہو گیا۔
واقعے کے بعد ڈاکو فرار ہو کر نزدیکی گنے کے کھیتوں میں چھپ گئے۔ اطلاع ملتے ہی ایس ایس پی سکھر اظہر خان مغل کی قیادت میں پولیس کی بھاری نفری موقع پر پہنچی اور گنے کے کھیتوں میں سرچ آپریشن شروع کیا۔ فائرنگ کے شدید تبادلے کے دوران چاروں ڈاکو مارے گئے۔
دوسری جانب فیصل آباد کے تھانہ ٹھیکریوالا کی حدود میں بھی ڈاکوؤں سے پولیس کی جھڑپ ہوئی۔ مالانپور چیک پوسٹ کے قریب جرائم کی روک تھام کے خصوصی دستے نے موٹر سائیکل پر سوار پانچ مشتبہ افراد کو رکنے کا اشارہ دیا، جس پر انہوں نے پولیس پر فائرنگ شروع کر دی۔
جوابی کارروائی میں دو ڈاکو حسنین اور شاہ جہاں موقع پر مارے گئے، جبکہ تین ساتھی فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے۔ پولیس کے مطابق ہلاک شدگان متعدد سنگین وارداتوں میں مطلوب اور کرائے کے قاتل تھے۔
جرائم کنٹرول ٹیم نے لاشوں کو مردہ خانے منتقل کر دیا ہے اور فرار ہونے والے ملزمان کی گرفتاری کے لیے علاقے میں سرچ آپریشن جاری ہے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ یہ کارروائیاں علاقے میں بڑھتے ہوئے جرائم کے خلاف سخت اقدامات کی عکاسی کرتی ہیں اور عوام کے جان و مال کے تحفظ کے لیے ایسے آپریشنز آئندہ بھی جاری رہیں گے۔