اسلام آباد: وزیر اعظم شہباز شریف نے ایم ڈی آئی ایم ایف کرسٹالینا جارجیوا سے گفتگو کے دوران 3 ارب ڈالر کے اسٹینڈ بائی معاہدے پر تشکر کا اظہار کیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم شہباز شریف نے گزشتہ شب ٹیلیفونک رابطے کے دوران ایم ڈی، عالمی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) کو کیے گئے وعدوں کی تکمیل کی یقین دہانی کرائی۔ اس دوران اسٹینڈ بائی معاہدے کو عملی جامہ پہنانے پر شکریہ بھی ادا کیا۔
اسٹاک مارکیٹ میں 199پوائنٹس کی مندی
ٹیلیفونک گفتگو کے دوران وزیر اعظم شہباز شریف نے ایم ڈی، آئی ایم ایف کی قیادت اور پیشہ ورانہ مہارت کی بھی تعریف کی۔ کرسٹالینا جارجیوا نے پاکستان کیلئے وزیر اعظم کی قیادت پر اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے شہباز شریف کے قائدانہ کردار کو سراہا۔
گفتگو کے دوران وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا کہ ایم ڈی آئی ایم ایف غریبوں کا احساس کرتی ہیں اور معاہدے پر عملدرآمد کیلئے پر عزم ہیں۔ ہم معاہدے میں کیے گئے وعدے پورے کریں گے۔ ہمارے بعد آنے والی نگراں حکومت بھی عالمی ذمہ داریاں نبھائے گی۔
ایم ڈی، آئی ایم ایف نے یقین دہانی کرائی کہ آئی ایم ایف پاکستان کے ساتھ تعاون جاری رکھے گا۔ کرسٹالینا جارجیوا نے کہا کہ ہم پاکستان کے ساتھ اپنی مضبوط شراکت داری اور باہمی اعتماد کی تعریف کرتے ہیں۔ وزیر اعظم شہباز شریف نے اپنا کیس بھرپور انداز میں پیش کیا۔
کرسٹالینا جارجیوا کا کہنا تھا کہ پاکستان کے معاشی حالات کے پیشِ نظر وزیر اعظم نے اعلیٰ قیادت کی صلاحیتوں کا اظہار کیا۔ پاکستان آئی ایم ایف کا رکن ہے اور ہم پاکستان کی امداد جاری رکھیں گے۔