اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف 2 روزہ سرکاری دورے کیلئے سعودی عرب روانہ ہوگئے ہیں، ریاض پہنچنے کے بعد سعودی قیادت سے اہم ملاقاتیں ہوں گی۔
تفصیلات کے مطابق اپنے 2 روزہ دورے کے دوران وزیراعظم شہباز شریف سعودی ہم منصب اور ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان سمیت دیگر سعودی قیادت سے ملاقاتیں کریں گے۔ وزیر خزانہ و محصولات سینیٹر محمد اورنگزیب بھی وزیراعظم کے ہمراہ روانہ ہوگئے۔
نجی ٹی وی ایکسپریس نیوز کا اپنی رپورٹ میں کہنا ہے کہ وزیراعظم شہباز شریف اپنے دورے کے دوران پاک سعودی عرب اقتصادی و اسٹرٹیجک شراکت داری پر گفتگو کریں گے۔ اس دوران اقتصادی، توانائی اور دیگر شعبوں میں دو طرفہ تعاون پر بھی تبادلہ خیال کیا جائے گا۔
رپورٹ کے مطابق ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا ہے کہ وزیراعظم شہباز شریف سعودی دارالحکومت ریاض میں فیوچر انویسٹمنٹ انیشیٹو کے 8ویں ایڈیشن میں شریک ہوں گے۔ کابینہ کے اہم اراکین بھی وزیراعظم کے ہمراہ ہیں جبکہ فیوچر انویسٹمنٹ انیشیٹو اہم بین الاقوامی فورم ہے۔
اپنے دورے کے دوران وزیراعظم شہباز شریف سعودی ولی عہد اور ہم منصب محمد بن سلمان اور دیگر اعلیٰ سعودی قیادت سے دو طرفہ بات چیت کریں گے۔ اس دوران پاکستان کی تزویراتی اور اقتصادی شراکت داری پر بھی تبادلہ خیال کیا جائے گا اور مختلف شعبوں میں دو طرفہ تعاون پر بھی گفتگو ہوگی۔