اسلام آباد: وزیراعظم شہبازشریف نے بل اینڈ میلنڈا گیٹس فاؤنڈیشن (بی ایم جی ایف) کے شریک چیئرمین بل گیٹس سے ٹیلی فونک گفتگو کی ہے۔ اس دوران مشترکہ مفادات کیلئے ملک کر کام کرنے پر اتفاق کیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم نے مائیکروسافٹ کے بانی بل گیٹس سے گفتگو کرتے ہوئے پاکستان میں بی ایم جی ایف کے تعاون سے جاری صحت عامہ اور سماجی شعبے کے پروگراموں پر تبادلہ خیال کیا۔ اس دوران پولیو سے متعلق چیلنجز بھی زیرِ غور آئے۔
کینسر میں مبتلا 5سالہ بچی عمران خان سے ملنے پہنچ گئی
وزیراعظم شہباز شریف نے ملک میں پولیو کے خاتمے اور حفاظتی ٹیکوں، غذائیت اور مالیاتی شمولیت کو بہتر بنانے میں بی ایم جی ایف کی جانب سے پاکستان کو دی جانے والی قابل قدر مدد کو سراہا۔
ٹیلیفونک گفتگو کے دوران وزیر اعظم نے تعاون کے تمام جاری شعبوں میں بل اینڈ میلنڈا گیٹس فاؤنڈیشن کے ساتھ نتیجہ خیز شراکت داری کو مزید مضبوط بنانے کی پاکستان کی خواہش کا بھی اعادہ کیا۔
اس موقعے پر وزیر اعظم نے کہا کہ حکومت پاکستان میں پولیو کی تمام اقسام کے خاتمے کے لیے پرعزم ہے۔ 2022 میں بغیر کسی پولیو کیس کے ایک سال بعد نئے کیسز رپورٹ ہونے پر تشویش ہے۔
واضح رہے کہ ملک بھر میں سیلاب نے رواں برس بڑے پیمانے پر نقل مکانی اور صحت کی دیکھ بھال کے بنیادی ڈھانچے کی تباہی کی وجہ سے پولیو ویکسینیشن کی جاری کوششوں کو بری طرح متاثر کیا ہے۔ وزیر اعظم نے کہا کہ ہم ایمرجنسی رسپانس پلان کو فعال کر رہے ہیں۔