لاہور: نیب نے آشیانہ ہاؤسنگ اسکینڈل میں وزیر اعظم شہباز شریف کو بے گناہ قرار دے دیا ہے۔ تمام تر الزامات واپس لے لیے گئے۔
تفصیلات کے مطابق قومی احتساب بیورو (نیب) نے آشیانہ ہاؤسنگ اسکیم سے متعلق رپورٹ میں بدعنوانی کے کوئی ثبوت نہ ملنے کا اقرار کر لیا۔ نیب کا کہنا ہے کہ شہباز شریف نے قومی خزانے کو نقصان نہیں پہنچایا، نہ ہی فوائد حاصل کیے۔
القادر کرپشن کیس، نیب نے عمران خان کو دوبارہ طلب کرلیا
قومی احتساب بیورو (نیب) کا کہنا ہے کہ آشیانہ ہاؤسنگ اسکیم میں اختیارات کے ناجائز استعمال یا بدنیتی کے ثبوت نہیں ملے۔ بغیر شکوک و شبہات کے ثابت ہورہا ہے کہ وزیر اعظم شہباز شریف اور کامران کیانی نے سرکاری خزانے کو نقصان نہیں پہنچایا۔
نیب کا کہنا ہے کہ فواد حسن فواد نے بھی ٹھیکی دلوانے کیلئے رشوت نہیں لی۔ ملزم شہباز شریف نے آشیانہ ہاؤسنگ اسکیم کا معاملہ قانونی طریقۂ کار کے تحت اینٹی کرپشن کو ارسال کیا تھا۔ احتساب عدالت شہباز شریف کی بریت کی درخواست پر فیصلہ کرے۔
قبل ازیں نیب نے ہی وزیر اعظم شہباز شریف پر وزیر اعلیٰ پنجاب کی حیثیت سے آشیانہ اسکیم کا پراجیکٹ پی ایل ڈی سی سے ایل ڈی اے کو منتقل کرنے، اور پھر ایل ڈی اے سے ایل ڈی سی کو منتقل کرنے کے غیر قانونی احکامات دینے کا الزام عائد کیا تھا۔
وزیر اعظم شہباز شریف پر نیب نے پراجیکٹ کو پیرا گون کو منتقل کرنے، پھر غیر قانونی احکامات کے تحت پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ موڈ میں رکھنے اور پھر غیر قانونی طور پر بورڈ کے معاملات میں دخل دینے کے الزامات عائد کیے تھے۔