وزیراعظم عمران خان نے کراچی سرکلر ریلوے منصوبے کا سنگ بنیاد رکھ دیا

مقبول خبریں

کالمز

موسم

قیمتیں

ٹرانسپورٹ

کراچی: وزیر اعظم عمران خان نے پیر کو کراچی سرکلر ریلوے منصوبے کا سنگ بنیاد رکھ دیا، ٹرانسپورٹ کے مسائل سے نمٹنے کے لیے مزید منصوبے ڈیزائن کرنے کی بھی امید دلادی۔

کینٹ اسٹیشن پر منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ وفاقی اور صوبائی حکومت کو کراچی کے مسائل کے حل کے لیے مشترکہ طور پر کام کرنا ہوگا۔

وزیر اعظم نے کہا کہ چونکہ کے سی آر ایک بڑا منصوبہ ہے اس لیے سندھ اور وفاقی حکومت کو اس کی بروقت تکمیل کے لیے سخت محنت کرنا پڑے گی۔

وزیر اعظم عمران خان نے کہا کہ کراچی ملک کا معاشی حب ہے اور بڑھتی آبادی اور ٹرانسپورٹ کے مسائل سے نمٹنے کے لیے مزید منصوبے ڈیزائن کرنے ہوں گے۔

انہوں نے کہا کہ پانی کی کمی کراچی کا ایک بڑا مسئلہ ہے اور کے فورمنصوبہ اس مسئلے کو حل کرنے میں مدد دے گا۔

مزید پڑھیں:کراچی سرکلر ریلوے سے شہریوں کی مشکلات کم ہو جائیں گی، اعظم سواتی

وزیراعظم نے کہا کہ 1980 کی دہائی میں کراچی ترقی کی راہ پر گامزن تھا اور آگے بڑھ رہا تھا لیکن بدقسمتی سے ترقی میں کمی آئی۔انہوں نے کہا کہ ہم نے سندھ حکومت کے ساتھ مل کر شہر کی ترقی کے لیے کراچی ٹرانسفارمیشن پلان شروع کیا ہے۔

اس موقع پروزیر ریلوے اعظم خان سواتی نے کراچی سرکلر ریلوے کے حوالے سے بریفنگ دیتے ہوئے کہا تھا کہ یہ منصوبہ تین سالوں میں مکمل ہو جائے گا جس کی لاگت 207 ارب روپے ہے۔

کے سی آر کے 29 کلومیٹر کے ٹریک میں 16 اسٹیشن اور 24 لیول کراسنگ ہوں گے۔ فرنٹیئر ورکس آرگنائزیشن کے سی آر کے لیے ٹریک بچھائے گی جبکہ ٹریک پر خودکار ایئر کنڈیشنڈ کوچز چلائی جائیں گی۔

ہر ٹرین ایک لوکوموٹو اور چار کوچز پر مشتمل ہوگی اور ایک وقت میں 814 مسافروں کو سہولت فراہم کرے گی۔ ٹرینوں کی خریداری کے لیے عالمی ٹینڈر طلب کیے جائیں گے۔

Related Posts