اسلام آباد: وزیرِ اعظم پاکستان عمران خان کی زیرِ صدارت قومی رابطہ کمیٹی برائے کورونا کا اجلاس آج ہوگا جس کے دوران اسمارٹ لاک ڈاؤن پر اہم فیصلے متوقع ہیں۔
تفصیلات کے مطابق ملک بھر میں کورونا وائرس کی دوسری لہر کے دوران معمول سے زیادہ کیسز اور اموات ریکارڈ کی گئیں جس پر وزیرِ اعظم عمران خان کی زیرِ صدارت قومی رابطہ کمیٹی برائے کورونا کا اہم اجلاس اسلام آباد میں ہوگا۔
وفاقی دارالحکومت میں ہونے والے اہم اجلاس میں نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) اور وزارتِ صحت کے حکام شریک ہوں گے۔ وزیرِ اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ سمیت چاروں صوبوں کے وزرائے اعلیٰ ویڈیو لنک کے ذریعے اجلاس میں شریک ہوں گے۔
اجلاس کے دوران صوبائی حکومتوں اور وفاق کو کورونا کیسز کی شرح اور دیگر اعدادوشمار سے آگاہ کیا جائے گا۔ قومی رابطہ کمیٹی برائے کورونا کے اجلاس میں اسمارٹ لاک ڈاؤن سمیت دیگر اہم فیصلے متوقع ہیں۔
یاد رہے کہ اِس سے قبل پاکستان میں کورونا وائرس سے 4 لاکھ 29 ہزار 280 افراد متاثر جبکہ 8 ہزار 603 جاں بحق ہو گئے۔
سرکاری اعدادوشمار کے مطابق ملک بھر میں کورونا وائرس نے گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 3 ہزار 138 افراد کو متاثر کیا جبکہ 56 مزید پاکستانی شہری زندگی کی بازی ہار گئے۔
مزید پڑھیں: کورونا سے 4 لاکھ 29 ہزار 280 افراد متاثر، 8 ہزار 603 جاں بحق