اسلام آباد: وزیرِ اعظم عمران خان آج شہرِ قائد کا 1 روزہ سرکاری دورہ کریں گےجس کے دوران بارش سے متاثرہ عوام الناس کیلئے اربوں روپے کے کراچی ٹرانسفارمیشن پلان کا اعلان کیا جائے گا۔
شہرِ قائد پہنچنے کے بعد وزیرِ اعظم عمران خان گورنر ہاؤس کا دورہ کریں گے جہاں وزیرِ اعظم کراچی ٹرانسفارمیشن پلان پر ترتیب دی گئی کمیٹی کے اجلاس کی صدارت کریں گے جس کے بعد گورنر ہاؤس میں ایک پریس کانفرنس ہو گی۔ وزیرِ اعظم عمران خان میڈیا نمائندگان سے گفتگو کریں گے۔
گفتگو کے دوران وزیرِ اعظم عمران خان کی طرف سے کراچی ٹرانسفارمیشن پلان پر اہم اعلانات متوقع ہیں۔ وزیرِ اعلیٰ سندھ سیّدمراد علی شاہ سے ملاقات بھی متوقع ہے تاہم وزیرِ اعلیٰ ہاؤس کے ترجمان کے مطابق سندھ حکومت کو وزیرِ اعظم سے ملاقات سے آگاہ نہیں کیا گیا۔
ایک روزہ دورۂ کراچی کے دوران وزیرِ اعظم عمران خان پاکستان اسٹاک ایکسچینج کا بھی دورہ کریں گے جہاں صنعت کاروں اور کاروباری برادری سے اہم ملاقاتیں ہوں گی جہاں کاروباری برادری اور وزیرِ اعظم کے مابین کراچی اور ملک بھر میں معاشی صورتحال پر اہم گفتگو متوقع ہے۔
وزیرِ اعظم عمران خان اتحادی جماعتوں متحدہ قومی موومنٹ (پاکستان) اور گرینڈ ڈیموکریٹک الائنس (جی ڈی اے) کے رہنماؤں سے بھی ملاقات کریں گے۔ ایم کیو ایم (پاکستان) کے رہنماؤں کا ایک وفد بھی وزیرِ اعظم سے آج دورۂ کراچی کے دوران ملاقات کیلئے تیار ہے۔
کراچی ٹرانسفارمیشن پلان کیلئے 800 ارب روپے رکھے گئے ہیں جس کے تحت 50 ترقیاتی پراجیکٹس کا اعلان کیا جائے گا جن میں ٹرانسپورٹ، سڑکوں کی تعمیر و ترقی، پانی اور نکاسئ آب سمیت دیگر اہم منصوبے شامل ہیں۔ کراچی سرکولر ریلوے کیلئے 300 ارب روپے کا پیکیج دیا جائے گا۔
دوسری جانب کراچی ٹرانسفارمیشن پلان میں ماس ٹرانزٹ کے 447 ارب 45 کروڑ روپے کے چھ منصوبے شامل ہیں۔ وزیرِ اعظم عمران خان سیوریج کے ساتھ ساتھ سالڈ ویسٹ مینجمنٹ کے پراجیکٹس کا اعلان بھی کریں گے۔نکاسئ آب کیلئے 162 ارب 60 کروڑ کے 8 منصوبے رکھے گئے ہیں۔
ٹرانسفارمیشن پلان میں سالڈ ویسٹ مینجمنٹ کے 4 منصوبے شامل ہیں جن کا تخمینہ 14 ارب 86 کروڑ روپے لگایا گیا ہے۔ وزیرِ اعظم عمران خان سڑکوں کی تعمیر و ترقی کیلئے 62 ارب 30 کروڑ کے پیکیج کا اعلان کریں گے جبکہ نالہ صفائی کے 2 پروجیکٹس کیلئے 4 ارب 60 کروڑ کے پیکیج کا اعلان بھی کیا جائے گا۔
یہ بھی پڑھیں: وزیرِ اعظم کا اگلے ہفتے اندرونِ سندھ کے دورے کا فیصلہ