اسلام آباد: وزیر اعظم عمران خان نے کہا ہے کہ مقبوضہ کشمیر میں تمام تر ہتھکنڈے آزمانے کے باوجود بھارت کشمیریوں کے حوصلے پست نہیں کرسکا جبکہ کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کی انتہا ہوچکی ہے۔
تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم عمران خان نے آج یومِ استحصالِ کشمیر منائے جانے کے موقعے پر اپنے خصوصی پیغام میں کہا کہ بھارت کے 5 اگست کے اقدامات کشمیریوں کو اقلیت میں بدلنے کی سازش ثابت ہیں جبکہ انسانی حقوق کی پامالیوں کی انتہا ہوچکی۔
یومِ استحصالِ کشمیر سے متعلق اپنے پیغام میں وزیر اعظم نے کہا کہ بھارت نے بنیادی انسانی حقوق کی خلاف ورزی کیلئے کشمیری قوم پر پابندیاں نافذ کیں اور اس لیے بھی کہ مقبوضہ کشمیر پر غیر قانونی قبضہ برقرار رکھا جاسکے۔ اس کے باوجود بھارت کشمیریوں کا حوصلہ پست نہ کرسکا۔ قابض فوج ظلم و ستم میں مصروف ہے۔
اپنے پیغام میں وزیر اعظم نے کہا کہ بھارتی فوج مظلوم کشمیریوں کے گھر جلا دیتی ہے اور انہیں ماورائے عدالت قتل کردیتی ہے۔ یومِ استحصالِ کشمیر کے موقعے پر پاکستان اپنے اس عزم کا اعادہ کرتا ہے کہ ہم سیاسی و سفارتی سطح پر مظلوم کشمیریوں کی حمایت جاری رکھیں گے۔
خیال رہے کہ پاکستان سمیت دنیا بھر بھر میں بسنے والے مظلوم کشمیری یومِ استحصالِ کشمیر آج منائیں گے جبکہ ظلم و ستم کے نئے باب کے آغاز کو 2 سال مکمل ہو گئے جس کے تحت مقبوضہ وادی کی آئینی حیثیت تبدیل کردی گئی اور مواصلاتی بلیک آؤٹ نافذ کیا گیا۔
قبل ازیں 5 اگست 2019ء کو بھارت کی مودی حکومت نے آر ایس ایس نظرئیے کے تحت مقبوضہ کشمیر کی آئینی حیثیت تبدیل کی جس کے بعد نئی پابندیوں، لاک ڈاؤن اور مواصلاتی بلیک آؤٹ کا سلسلہ شروع کیا گیا۔
مزید پڑھیں: دنیا بھر میں یومِ استحصالِ کشمیر آج منایا جارہا ہے