اسلام آباد:وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ پاکستان اور افغانستان کے تعلقات مذہب، ثقافت، مشترکہ تاریخ اور لوگوں کے مابین برادرانہ تعلقات پر مبنی ہیں،افغان رہنماؤں کو پائیدار امن، سلامتی اور خوشحالی کے لئے سیاسی تصفیے کے تاریخی موقع سے فائدہ اٹھانا ہوگا۔
وزیراعظم عمران خان نے افغان قومی مفاہمتی کونسل کے سربراہ عبداللہ عبداللہ کو ٹیلی فون کر کے پاک افغان تعلقات کے فروغ پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا۔ جاری اعلامیہ کے مطابق وزیراعظم عمران خان نے پاک افغانستان دوطرفہ تعلقات کی اہمیت پر زور دیا۔
وزیر اعظم نے کہاکہ پاکستان اور افغانستان کے تعلقات مذہب، ثقافت، مشترکہ تاریخ اور لوگوں کے مابین برادرانہ تعلقات پر مبنی ہیں۔وزیراعظم نے برادرانہ تعلقات کو مزید گہرا کرنے اور تمام شعبوں میں تعاون بڑھانے کے عزم کا اعادہ کیا۔
وزیراعظم نے کہاکہ افغانستان میں تنازعہ کا کوئی فوجی حل نہیں ہے، بات چیت اور سیاسی تصفیہ ہی آگے بڑھنے کا واحد راستہ ہے، افغان امن عمل میں پاکستان کی مثبت کا کردار مثبت ہے، وزیر اعظم نے کہاکہ افغان رہنماؤں کو پائیدار امن، سلامتی اور خوشحالی کے لئے سیاسی تصفیے کے تاریخی موقع سے فائدہ اٹھانا ہوگا۔
وزیراعظم نے کہاکہ پاکستان جلد از جلد انٹرا افغان مذاکرات کے آغاز کا منتظر ہے۔وزیر اعظم نے ڈاکٹر عبد اللہ عبد اللہ کے لیے بطور قومی مفاہمتی کونسل کے چیئرمین نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ وزیراعظم نے کہاکہ امید ہے کہ کونسل کامیابی کے ساتھ اپنے مقاصد کو حاصل کرے گی۔ وزیر اعظم نے ڈاکٹرعبداللہ عبد اللہ کو دورہ پاکستان کی دعوت بھی دی۔