کراچی : پاکستان انٹرنیشنل ایئر لائنز کے چیف ایگزیکٹو آفیسر ارشد ملک نے کہا ہے کہ کراچی میں طیارہ حادثے کے المناک واقعے کی سیفٹی انویسٹی گیشن بورڈ مکمل تحقیقات کرے گا۔
کراچی میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ تفتیش کے لئے تمام عوامل کو مدنظر رکھنے کے بعد اس واقعے کی وجوہات کا پتہ لگایا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ وزارت ہوا بازی اس واقعے کی تحقیقات کی نگرانی کرے گی، انہوں نے مزید کہا کہ ہم چاہتے ہیں کہ انکوائری رپورٹ جلد سے جلد مکمل کی جائے، انکوائری میں کسی بھی طرح کی مداخلت نہیں کی جائیگی۔
ایئر مارشل (ر) ارشد ملک نے بتایا کہ گر کر تباہ ہونے والا طیارہ فنی طور پر اڑنے کے لئے فٹ تھا اور حادثے کی کوئی واضح وجہ نہیں تھی ، انہوں نے مزید کہا کہ تمام تکنیکی جانچ پڑتال کے بعد ہی طیارے کو کلیئرنس ملتی ہے۔
پی آئی اے کے سی ای او نے کہا کہ طیارے کی لینڈنگ سول ایوی ایشن اتھارٹی سے کلیئرنس ملنے کے بعد کی جاتی ہے۔گر کر تباہ ہونیوالا ہوائی جہاز پرواز کے لئے مکمل طور پر فٹ اور محفوظ تھا۔
انہوں نے کہا کہ پی آئی اے کے پائلٹ دنیا کے بہترین پائلٹ ہیں اور کیبن عملہ بھی تجربہ کار تھا اور ساتھ ہی طیارے کا معائنہ بھی باقاعدگی سے کیا جاتا تھا۔
انہوں نے مزید کہا کہ پی آئی اے نے جاں بحق افراد کے لواحقین کے لئے کراچی میں اپنے ہوٹل خالی کردیئے ہیں۔
مزید پڑھیں: کراچی ایئر پورٹ کے قریب پی آئی اے کا مسافر طیارہ گر کر تباہ ہوگیا