اسلام آباد: وزیر خزانہ شوکت ترین کا کہنا ہے کہ پاکستان میں پٹرول کی قیمتیں خطے کے مقابلے میں کم ہیں، انہوں نے کہا کہ پٹرول کی قیمت کم بڑھانے سے 2 ارب کا نقصان ہوا۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر خزانہ شوکت ترین نے کہا کہ پٹرولیم لیوی کم ہو کر دو، ڈھائی روپے پر آگئی، کورونا کی صورتحال نے پاکستان کو متاثر کیا، غریب کو سبسڈی دیں گے۔
انہوں نے کہا کہ زراعت کے شعبہ میں غفلت کا نتیجہ بھگت رہے ہیں، گندم، چینی، دالیں، گھی درآمد کر رہے ہیں، حکومت کو نقصان ہو رہا ہے لیکن فیصلہ کیا ہے چینی 90 روپے کلو بیچیں گے۔
وزیر زخزانہ کا کہنا تھا کہ لوگ کہتے ہیں بہت زیادہ مہنگائی ہوگئی ہے، برطانیہ میں قیمتیں 31 فیصد بڑھی ہیں، خطے کے مقابلے میں پٹرول کی قیمتیں یہاں کم ہیں، دنیا میں کورونا کی وجہ سے ہمیں بھی نقصان ہوا ہے۔
شوکت ترین کا کہنا تھا کہ آڑھتی یا مڈل مین بہت زیادہ کمائی کرتا ہے، لوگ من مانی قیمتیں لے رہے ہیں، کوشش ہے پرائس مجسٹریٹ کو بحال کیا جائے، پاکستان کی معیشت ترقی کرنا شروع ہوگئی ہے، معیشت 5 فیصد سے زیادہ ترقی کرے گی۔
وزیراعظم عمران خان غریب پر کم سے کم بوجھ ڈالنا چاہتے ہیں، ہر خاندان کو اپنے گھر کیلئے 15 سے 20 لاکھ تک رقم دی جائے گی، گھر بنانے کیلئے 2 فیصد پر قرض دے رہے ہیں، پنجاب سمیت پورے ملک میں ہر گھرانے کو صحت کارڈ دیا جائے گا، ہر گھرانے کے ایک فرد کو ٹیکنیکل ٹریننگ دیں گے۔
مزید پڑھیں: پاکستان میں پیٹرول کی قیمت آج بھی بیشتر ممالک سے کم ہے۔حماد اظہر