راولپنڈی: سابق وزیراعظم اور بانی پی ٹی آئی کے ذاتی معالج ڈاکٹر عاصم یوسف نے کہا ہے کہ ہمیں ہر دو ہفتے بعد عمران خان کے چیک اپ کی اجازت ملنی چاہئے۔
تفصیلات کے مطابق اڈیالہ جیل میں شوکت خانم ہسپتال کے ڈاکٹرز نے عمران خان کا طبی معائنہ کیا۔ ڈاکٹر عاصم یوسف نے کہا کہ عمران خان کا جیل میں حوصلہ کافی بلند ہے اور وہ جیل میں رہنے کے عادی بھی ہوچکے ہیں۔ سرکاری ڈاکٹر نے بھی عمران خان کو دوا کی تجویز دی تھی۔
تاہم عمران خان کے اپنے معالج نے سرکاری ڈاکٹر کی تجویز کردہ دوا روک دی۔ عدالت نے عمران خان کے وکلاء کی درخواست پر عمران خان کے طبی معائنے کی رپورٹ جمع کرانے کا حکم دیا تھا۔ عمران خان کے ذاتی معالج نے بھی بانی پی ٹی آئی کے متعلق ویڈیو بیان جاری کردیا۔
ویڈیو یبان میں ڈاکٹر عاصم یوسف نے کہا کہ عمران خان تندرست اور متحرک ہیں، جیل میں ان کی صحت کی صورتحال کافی بہتر ہے اور انہیں کھانے پینے کی کوئی تکلیف نہیں۔ پیٹ بھی ٹھیک ہے۔ دل کی دھڑکن اور بلڈ پریشر بھی معمول کے مطابق ہے۔ وہ جیل میں رہنے کے عادی ہوگئے ہیں۔
ڈاکٹر عاصم یوسف کا کہنا تھا کہ عمران خان جیل میں کتابیں پڑھ رہے ہیں اور ایکسرسائز بھی کرتے ہیں۔ ضروری ہے کہ ہر دو ہفتے بعد مجھے یا ڈاکٹر فیصل سلطان کو عمران خان کے چیک اپ کی اجازت دی جائے۔ ان کے فالو اَپ چیک اپ کی اجازت ملنی چاہئے۔