سندھ حکومت نے کراچی کے شہریوں کے لیے ایک بڑا عوامی ریلیف دیتے ہوئے شہر بھر کی سڑکوں پر پارکنگ فیس کے مکمل خاتمے کا باضابطہ نوٹیفکیشن جاری کر دیا ہے۔
اس فیصلے کا اطلاق کراچی کے 25 ٹاؤنز سمیت تمام مرکزی شاہراہوں پر فوری طور پر نافذالعمل کر دیا گیا ہے جس کے تحت اب شہر کی کوئی بھی سڑک چارجڈ پارکنگ کے دائرے میں نہیں آئے گی۔
محکمہ بلدیات سندھ کی جانب سے جاری کردہ اعلامیے میں واضح طور پر کہا گیا ہے کہ پارکنگ فیس اب صرف مخصوص پلازوں، پرائیویٹ پلاٹس یا منتخب کونسلز کے مخصوص حدود میں ہی وصول کی جا سکے گی جبکہ عوامی شاہراہوں، بازاروں اور عام سڑکوں پر پارکنگ چارجز مکمل طور پر غیرقانونی تصور کیے جائیں گے۔
وزیراعلیٰ سندھ کی براہِ راست ہدایت پر محکمہ بلدیات نے تمام میونسپل کمشنرز، ٹاؤن میونسپل کارپوریشنز اور متعلقہ اداروں کو فوری طور پر پارکنگ فیس کی وصولی روکنے اور اس حکم پر سختی سے عملدرآمد یقینی بنانے کی ہدایات جاری کی ہیں۔
محکمہ بلدیات کی نگرانی میں اس فیصلے پر عملدرآمد کی باقاعدہ مہم شروع کر دی گئی ہے جس کے تحت ہر علاقے میں پارکنگ کو مفت بنایا جا رہا ہے۔
میئر کراچی، مرتضیٰ وہاب نے اس فیصلے کو عوامی مفاد میں تاریخی اقدام قرار دیتے ہوئے کہا کہ شہریوں کو سڑکوں پر پارکنگ فیس کی شکل میں جو مالی بوجھ برداشت کرنا پڑ رہا تھا، وہ غیرقانونی، غیرمنصفانہ اور عوام دشمن عمل تھا، جسے فوری طور پر بند کرنا ضروری تھا۔
میئر کے مطابق اب شہر بھر میں کوئی بھی ادارہ، بشمول کے ایم سی ، سڑکوں پر پارکنگ چارجز وصول نہیں کرے گا اور جو بھی ادارہ یا اہلکار اس حکم کی خلاف ورزی کرے گا، اس کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے گی۔
محکمہ بلدیات نے واضح کر دیا ہے کہ اگر کوئی ادارہ یا ٹاؤن اتھارٹی اس فیصلے پر عمل نہیں کرے گی، تو اُن کے خلاف سخت تادیبی کارروائی کی جائے گی۔
ساتھ ہی ساتھ شہریوں سے اپیل کی گئی ہے کہ اگر کسی جگہ پارکنگ فیس وصول کی جا رہی ہو تو اس کی شکایت فوری طور پر بلدیاتی حکام یا متعلقہ ہیلپ لائن پر درج کروائیں۔