اردن میں منعقدہ ایشین جوجِٹسو چیمپئن شپ 2025 میں پاکستان کی نوجوان کھلاڑی بانو کوثر نے خواتین کی 48 کلوگرام کیٹگری میں بھارتی حریف رچا شرما کو شاندار مقابلے کے بعد شکست دے کر گولڈ میڈل حاصل کیا۔
پاکستانی جوجِٹسو ٹیم نے اس چیمپئن شپ میں زبردست کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے بھارت سمیت دیگر مضبوط حریفوں کو مات دی۔ اس کامیابی نے پاکستان کے لیے فخر کا باعث بننے کے ساتھ ساتھ خطے میں جوجِٹسو کی بڑھتی ہوئی طاقت کا بھی ثبوت دیا۔
ایونٹ کے تیسرے روز بانو بٹ کی اس فتح کے علاوہ پہلے دن ایم علی راشد اور ایم یوسف علی نے مردوں کی ڈوو کیٹگری میں کانسی کے تمغے جیتے، جب کہ خواتین کی ڈوو کیٹگری میں اسرہ وسیم اور کائنات عارف نے کانسی کے تمغے حاصل کر کے ٹیم کے لیے کامیابیوں کا سلسلہ جاری رکھا۔
پاکستان جوجِٹسو فیڈریشن کے چیئرمین خلیل احمد خان نے ٹیم کی زبردست کامیابیوں پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ یہ تمغے صرف اعزاز نہیں بلکہ اس بات کا ثبوت ہیں کہ پاکستانی کھلاڑی عالمی مقابلوں میں کسی سے پیچھے نہیں۔ انہوں نے کھلاڑیوں، کوچز اور سپورٹ عملے کی محنت کو سراہا۔
پاکستان اور جنوبی ایشیائی ریجنل جوجِٹسو ایسوسی ایشن کے سیکرٹری جنرل طارق علی نے اختتامی تقریب میں پاکستان کی نمائندگی کرتے ہوئے کہا کہ یہ کامیابیاں جنوبی ایشیا میں جوجِٹسو کے فروغ کے لیے ایک اہم سنگ میل ہیں۔ انہوں نے خاص طور پر خواتین اور نوجوان کھلاڑیوں کی کارکردگی کو سراہا اور کہا کہ ان کے جذبے اور محنت قابلِ تعریف ہے۔
ایشین جوجِٹسو چیمپئن شپ 26 مئی تک جاری رہے گی، جس میں ایشیا کے نمایاں فائٹرز حصہ لے رہے ہیں۔ پاکستانی ٹیم کی نظریں مزید میڈلز جیتنے پر مرکوز ہیں۔