پاکستانی اداکارہ سونیا حسین نے اپنی پروڈکشن کے آغاز کے ساتھ بین الاقوامی سطح پر پذیرائی حاصل کرلی ہے، ان کی فلم ببلی/بابر کو دنیا کے معروف کانز فلم فیسٹیول کے لیے منتخب کیا گیا ہے۔
فلم کی ہدایتکاری کامران فیق نے کی ہے اور اس کی کہانی قرب عباس نے لکھی ہے جبکہ اس کی پروڈکشن رمشا امجد اور عبداللہ کامران نے کی ہے۔ فلم میں نئی اور متنوع کاسٹ شامل ہے جس میں حسین رانا، تنویر سید، ذیشان حیدر، فہد ہاشمی، عثمان چوہدری، رضیہ ملک اور امتثال حسین شامل ہیں۔
سونیا حسین نے انسٹاگرام پر اپنی خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا، “یہ میرے لیے ایک زبردست لمحہ ہے کہ میری پہلی پروڈیوسڈ فلم کانز فلم فیسٹیول میں پہنچ گئی۔ یہ صرف ہماری ٹیم کی کامیابی نہیں ہے، بلکہ پاکستانی سنیما کی بھی فتح ہے۔”
انہوں نے اس کامیابی کا کریڈٹ ہدایتکار کامران فیق کے وژن اور اپنی ٹیم کی انتھک محنت کو دیا اور خاص طور پر پروڈیوسرز رمشا امجد اور عبداللہ کامران کا شکریہ ادا کیا، بابلی/ بابر سونیا حسین کے کیریئر کا ایک اہم سنگ میل ہے اور یہ عالمی سطح پر پاکستانی سنیما کا فخر بن کر سامنے آئی ہے۔