اسلام آباد: ملک میں آئی ٹی برآمدات 5سال تک 15ارب ڈالرز تک بڑھانے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔ ہدف کی تکمیل کیلئے خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل (ایس آئی ایف سی) کی مسلسل نگرانی جاری رہے گی۔
نجی ٹی وی جیو نیوز کی رپورٹ کے مطابق ایس آئی ایف سی کے تعاون سے آئی ٹی کے شعبے میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے، گزشتہ مالی سال میں آئی ٹی برآمدات کا حجم 2.6ارب ڈالرز رہا، رواں برس برآمدات 3.5ارب تک پہنچنے کی توقع ہے۔
رپورٹ کے مطابق آئی ٹی کے شعبے میں برآمداتی صلاحیت کے پیشِ نظر حکومت نے رواں مالی سال میں 79 ارب روپے سے زائد کی رقم مختص کی۔ وزیر خزانہ کا کہنا ہے کہ 79 ارب روپے کی رقم میں سے 19 ارب روپے کراچی اور اسلام آباد میں آئی ٹی پارک کیلئے مختص ہیں۔
وزیر خزانہ نے کہا کہ 22 ارب روپے پاکستان سافٹ وئیر ایکسپورٹ بورڈ کیلئے مختص کئے گئے ہیں۔چیئرمین پاکستان آئی ٹی انڈسٹری ایسوسی ایشن کے مطابق ڈیجیٹل اکانومی کا بھرپور فائدہ اٹھانے کیلئے آئی ٹی انفرااسٹرکچر میں بہتری لانا ہوگی۔
چیئرمین آئی ٹی انڈسٹری ایسوسی ایشن نے کہا کہ ڈیجیٹل اکانومی کیلئے ہنر مند افرادی قوت میں اضافے کی ضرورت ہے۔ جدید صنعتی معیار کے مطابق آئی ٹی کے شعبے کی تعمیر کیلئے ڈیجیٹل انفرااسٹرکچر اور انٹرنیٹ کی کنیکٹوٹی کو بڑھانا ہوگا۔