اسلام آباد: وزارتِ خارجہ نے لائن آف کنٹرول (ایل او سی ) پر بھارتی فوج کی سیز فائر کی خلاف ورزی پر سینئر بھارتی سفارت کار کو دفترِ خارجہ طلب کرکے واقعے پر احتجاج کیا۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان نے لائن آف کنٹرول پر جنگ بندی (سیز فائر) معاہدے کی ایک بار پھر خلاف ورزی کرنے پر احتجاج کرتے ہوئے اسے عالمی اصولوں کے خلاف قرار دیا۔
ترجمان دفترِ خارجہ کے مطابق بھارتی سفارت کار کو دفترِخارجہ طلب کرنے کے بعد سیز فائر معاہدے کی خلاف ورزی پر احتجاجی مراسلہ بھی تھمایا گیا۔
گزشتہ روز بھارتی فوج نے لائن آف کنٹرول کے قرب و جوار میں بسنے والی پاکستان کی شہری آبادی کو نشانہ بناتے ہوئے بلا اشتعال فائرنگ کی جس کے نتیجے میں ایک نوجوان زخمی ہوگیا۔
لائن آف کنٹرول کے رکھ چکری سیکٹر میں 19 سالہ نوجوان بھارتی فائرنگ سے شدید زخمی ہوگیا جسے طبی امداد مہیا کی گئی جس پر پاکستان نے بھارتی سفارت کار کو اپنا احتجاج ریکارڈ کرایا۔
یاد رہے کہ اِس سے قبل بھارت اپنی ہٹ دھرمی سے باز نہ آیا،لائن آف کنٹرول (ایل او سی) پر بلا اشتعال فائرنگ کرکے شہری آبادی کو نشانہ بنایا، شدید فائرنگ کی زد میں آ کر خاتون زخمی ہو گئی۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سےگزشتہ ماہ جاری کردہ بیان کے مطابق بھارتی فوج نے (ایل او سی) لائن آف کنٹرول کے علاقے کھوئی رٹہ سیکٹر پر جنگ بندی معاہدے کی خلاف ورزی کرتے ہوئے بلا اشتعال فائرنگ کی اور شہری آبادی کو نشانہ بنایا۔
مزید پڑھیں: بھارتی فوج کی لائن آف کنٹرول پر فائرنگ، خاتون شدیدزخمی