کراچی:ملک میں کورونا وائرس متاثرین کی تعداد میں اضافے اور سیاسی لحاظ سے غیر یقینی صورتحال کے پیش نظر پاکستان اسٹاک مارکیٹ میں پیر کو مندی کا رجحان غالب رہا۔
سرمایہ کاروں کی جانب سے حصص فروخت کے دباؤ کے نتیجے میں کے ایس ای100انڈیکس 91.69پوائنٹس کی کمی سے 42115.31پوائنٹس کی سطح پرآ گیاجب کہ54.88فیصد کمپنیوں کے حصص کی قیمتوں میں کمی ریکارڈکی گئی۔
جس سے سرمایہ کاروں کو 13ارب62کروڑ11لاکھ روپے کا نقصان اٹھانا پڑا۔اور حصص کی لین دین کے لحاظ سے کاروباری حجم بھی گزشتہ ٹریڈنگ سیشن کی نسبت11.08فیصدکم رہا۔
پاکستان اسٹاک ایکس چینج میں گزشتہ روز ٹریڈنگ کا آغاز مثبت زون میں ہوا اور ابتدائی اوقات میں سرمایہ کاروں کی جانب سے سرمایہ کارمنافع بخش کمپنیوں کے شیئرزکی خریداری میں دلچسپی دیکھنے میں آئی جس کے باعث تیزی رہی۔
دوران ٹریڈنگ کے ایس ای100انڈیکس42321پوائنٹس کی بلند سطح پر بھی پہنچ گیاتاہم بعد ازاں ملک میں سیاسی لحاظ سے غیر یقینی صورتحال کے باعث حصص فروخت کا دباوٗ بڑھ گیا جس کی وجہ سے مندی چھاگئی جو آخر تک برقرار رہی۔
کاروبار کے اختتام پرکے ایس ای100انڈیکس91.69پوائنٹس کی کمی سے 42115.31پوائنٹس پر بند ہوا اسی طرح کے ایس ای30انڈیکس56.62 پوائنٹس کی کمی سے 17625.88پوائنٹس اورکے ایس ای آل شیئرز انڈیکس66.93 پوائنٹس کی کمی سے29482.48 پوائنٹس کی سطح پرآگیا۔
گزشتہ روز مجموعی طور پر399کمپنیوں کا کاروبار ہوا جس میں سے154کمپنیوں کے حصص کی قیمتوں میں اضافہ،219میں کمی اور 26کمپنیوں کے حصص کی قیمتوں میں استحکام رہا۔
مندی کے سبب مارکیٹ کی سرمایہ کاری مالیت77کھرب29ارب56کروڑ86لاکھ روپے سے گھٹ کر77کھرب15ارب94کروڑ75لاکھ روپے ہوگئی۔