جینیوا: اقوام متحدہ کی پناہ گزین ایجنسی نے مطالبہ کیا ہے کہ پاکستان غیر قانونی افغان باشندوں کی بے دخلی کے بجائے ان کی رجسٹریشن کے لیے جامع مکینزم بنائے۔
اقوام متحدہ کی پناہ گزین ایجنسی کے ترجمان قیصر خان آفریدی نے کہا کہ افغان باشندوں کی واپسی کے سنگین اثرات مرتب ہو سکتے ہیں اور ان کی جانوں کو خطرات بھی لاحق ہوسکتے ہیں۔
افغانستان کی صورتحال پر 8 ممالک اور یورپی یونین نے بھی مشترکہ بیان میں کہا کہ غیر دستاویزی افغانوں کے لیے رجسٹریشن کا نظام تیار کیا جائے اور تحفظ کے طلبگار افغانوں کا تحفظ یقینی بنایا جائے۔
ملک میں غیر قانونی طور پر مقیم غیر ملکیوں کیلئے مہلت ختم، آج سے ایکشن شروع
امریکی محکمہ خارجہ نے اس حوالے سے کہا ہے کہ پاکستان اور دیگر ممالک افغان پناہ گزینوں کیلئے اپنی ذمہ داری پوری کریں، افغانستان کے پڑوسی ممالک تحفظ کے خواہاں افغانوں کو داخلے کی اجازت دیں۔
خیال رہے کہ حکومت پاکستان کی جانب سے پاکستان میں غیر قانونی طور پر مقیم غیر ملکیوں کو رضا کارانہ طور پر ملک چھوڑنے کے لیے 31 اکتوبر کی ڈیڈ لائن دی تھی جو ختم ہوچکی ہے۔
حکومت کی جانب سے دی گئی ڈیڈ لائن ختم ہونے کے بعد غیر قانونی طور پر مقیم غیر ملکیوں کو پکڑ کر ہولڈنگ پوائنٹس میں رکھا جا رہا ہے جہاں سے انہیں ان کے ملک ڈی پورٹ کر دیا جائے گا۔