پاکستان ریلوے نے پیٹرولیم مصنوعات سستی ہونے پر کرایوں میں کمی کردی

موسم

قیمتیں

ٹرانسپورٹ

گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں

لاہور: پاکستان ریلوے نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کے بعد کرایوں میں کمی کر دی جس کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا گیا ہے۔

نجی ٹی وی (دنیا نیوز) کی رپورٹ  کے مطابق پاکستان ریلوے کی جانب سے ایک کلو میٹر سے 200 کلو میٹر تک ٹرینوں کے کرایوں میں کمی کر دی گئی جس کے بعد ریل کار اکانومی کلاس کا کم سے کم کرایہ 100 روپے ہوگیا ہے، تمام کلاسز کے کرائے کم ہوگئے۔

رپورٹ کے مطابق پاکستان ریلوے کے نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ تمام کلاسز کی ٹرینوں کے کرایوں میں کمی کی گئی ہے، بعض ٹرینوں کی اکانومی کلاس کے کرایوں میں 54 فیصد تک کمی کر دی گئی جبکہ اے سی کلاس کا کرایہ 40 فیصد تک کم کردیا گیا۔

دوسری جانب نجی ٹی وی (اے آر وائی نیوز) کا کہنا ہے کہ محکمہ ریلوے نے عوام کی سہولت کے لیے ٹرینوں کے کرائے میں 40 سے 54 فیصد تک کمی کا اعلان کر دیا ہے جس کا اطلاق آج سے ہوگا۔

اپنی رپورٹ میں نجی ٹی وی نے مزید کہا کہ محکمہ ریلوے نے اس حوالے سے نوٹیفکیشن جاری کر دیا ہے جس کے مطابق ایک سے 200 کلومیٹر تک ٹرینوں کے کرائے میں کمی کی گئی ہے۔بعض ٹرینوں کی اکانومی کلاس کے کرائے 54 فیصد جبکہ اے سی کلاس کے کرائے 40فیصد تک کم ہو گئے۔

اس سے قبل گزشتہ ہفتے حکومت نے مہنگائی کے ستائے عوام کو ریلیف دیتے ہوئے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کا اعلان کیا تھا، پٹرول کی قیمت میں 15 روپے 39 پیسے فی لٹر جبکہ ڈیزل کی قیمت میں 7 روپے 88 پیسے کی کمی کی گئی۔

مٹی کے تیل کی قیمت 9 روپے 86 پیسے کمی کیساتھ 173 روپے 48 پیسے اور لائٹ ڈیزل کی قیمت 7 روپے 54 پیسے کمی کیساتھ 161 روپے 17 پیسے ہوگئی ہے۔پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کا اثر ٹرینوں کے کرائے پر بھی پڑ رہا ہے۔

Related Posts