پاکستانی وزارتِ داخلہ نے ایران اور اسرائیل کے درمیان بڑھتی ہوئی کشیدگی کے پیش نظر اپنے شہریوں کو ایران کا سفر کرنے سے گریز کرنے کی ہدایت کی ہے۔
وزارتِ داخلہ کے مطابق، موجودہ سیکیورٹی صورتحال اور اسرائیلی حملوں کے تناظر میں پاکستانی شہریوں کی حفاظت کو یقینی بنانے کے لیے یہ اقدام اٹھایا گیا ہے۔
اعلامیے میں مزید کہا گیا ہے کہ ایران میں موجود پاکستانیوں کی محفوظ واپسی کے لیے ضروری انتظامات کیے جا رہے ہیں۔ وزارتِ داخلہ نے اس بات کا اعادہ کیا ہے کہ حکومت صورتحال پر مسلسل گہری نظر رکھے ہوئے ہے۔
یہ پیشرفت ایسے وقت میں ہوئی ہے جب گزشتہ روز اسرائیلی فوج نے ایران پر وسیع پیمانے پر حملے کیے، جن میں ایرانی سائنسدانوں، عسکری قیادت اور سیکیورٹی تنصیبات کو نشانہ بنایا گیا۔
پاکستانی وزارتِ خارجہ نے اسرائیلی حملوں کی شدید مذمت کرتے ہوئے انہیں ایران کی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کی خلاف ورزی قرار دیا ہے۔
وزارتِ خارجہ نے اقوامِ متحدہ کی سلامتی کونسل سے فوری طور پر اسرائیلی جارحیت کا نوٹس لینے اور خطے میں امن و استحکام کے لیے اقدامات کرنے کی اپیل کی ہے۔