ڈیرہ اسماعیل خان: ضلعی انتظامیہ اور محکمہ خوراک نے ضلع بھر میں ذخیرہ اندوزوں اور منافع خوروں کے خلاف کریک ڈاؤن شروع کرتے ہوئے گوداموں میں چھپائے گئے چینی کے 5650 تھیلے ضبط کرلئے۔
ضلعی انتظامیہ کے مطابق یہ مہم صوبائی حکومت کی ہدایات پر شروع کی گئی ہے تاکہ منافع خوروں کے خلاف کارروائی کی جا سکے جنہوں نے چینی کی مصنوعی قلت پیدا کر کے اشیاء کی قیمتوں میں غیر منصفانہ اضافہ کر کے عوام سے فائدہ اٹھایا۔
خفیہ اطلاع پر کارروائی کرتے ہوئے اسسٹنٹ کمشنر ڈیرہ اسماعیل خان فرحان احمد کی سربراہی میں ٹیم نے شہر کے مختلف علاقوں چھاپے مارے۔معائنہ کے دوران انہیں معلوم ہوا کہ دکانداروں نے اپنے گوداموں میں چینی ذخیرہ کر رکھی تھی جسے موقع پر سیل کر دیا گیا۔
کارروائی کے دوران درابن روڈ پر واقع گوداموں سے چینی کے 5000 تھیلے اور مریالی گروسری اسٹور سے 650 بوریاں چینی برآمد کیں۔
اسسٹنٹ کمشنر فرحان احمد نے مزید کہا کہ گندم اور چینی کی سمگلنگ کی ہر کوشش کو ناکام بنایا جائے گا اور دونوں اجناس کی خریداری کا مقررہ ہدف حاصل کرنے کی کوشش کی جائے گی۔
انہوں نے کہا کہ چینی کی غیر قانونی نقل و حرکت کو روکنے کے لیے ضلع کے داخلی اور خارجی راستوں کی کڑی نگرانی کی جا رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ ذخیرہ اندوزوں اور ہول سیلرز جو غیر قانونی کاروبار میں ملوث پائے گئے انہیں بھاری جرمانے کیے گئے اور ان کے خلاف قانون کے مطابق سخت کارروائی بھی کی گئی۔
مزید پڑھیں:ملک میں سونے کی فی تولہ قیمت میں 4ہزار روپے کی کمی
انہوں نے تاجر برادری پر زور دیا کہ وہ منافع خوری سے گریز کریں اور عوام کو ریلیف فراہم کرنے میں ضلعی انتظامیہ کے ساتھ تعاون کریں۔