اسلام آباد:عالمی ادارے ٹرانسپیرنسی انٹرنیشنل نے بدعنوانی کے حوالے سے رپورٹ پر وضاحتی بیان دیتے ہوئے کہا ہے کہ ہماری رپورٹ 2019ء کے دوران پاکستان میں بدعنوانی کی نشاندہی پر مبنی نہیں ہے۔
عالمی ادارے ٹرانسپیرنسی انٹرنیشنل کے پاکستان چیپٹر کے چیئرمین سہیل مظفر کے مطابق رپورٹ کا دورانیہ 2019ء پر مشتمل نہیں تھا جسے اہلِ سیاست اور میڈیا نے غلط سمجھا۔
چیئرمین پاکستان چیپٹر سہیل مظفر نے کہا کہ کچھ سیاستدانوں اور ٹی وی چینلز نے پاکستان کی ساکھ کو نقصان پہنچایا جبکہ ہم موجودہ حکومت کے بدعنوانی کے خلاف اقدامات کی تعریف کرتے ہیں۔
قومی احتساب بیورو (نیب) کے کردار پر تبصرہ کرتے ہوئے چیئرمین ٹرانسپیرنسی انٹرنیشنل پاکستان نے کہا کہ نیب کی موجودہ انتظامیہ اچھا کام کر رہی ہے۔
ٹرانسپیرنسی انٹرنیشنل پاکستان کے سربراہ نے کہا کہ ہم نے 2015 سے لے کر 2017ء تک کے اعدادوشمار سامنے رکھتے ہوئے رپورٹ مرتب کی جس سے 2019ء کے رولز آف لاء میں 2 نمبر کی کمی آئی۔
سہیل مظفر نے کہا کہ دیگر ذرائع نے 2018ء میں اسکور میں 6 نمبر کی کمی کی۔ ابھی تک بی ایس ٹی انڈیکس 2020ء کی معلومات مشتہر نہیں کی گئیں۔ اسے ہم 2020ء میں ہی سامنے لانے کا ارادہ رکھتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ جس ڈیٹا کی بنیاد پر میڈیا اور سیاستدانوں نے گفتگو کی وہ مئی سے نومبر 2018ء اور مئی سے دسمبر 2017ء کا ڈیٹا ہے۔ ہم نے ریکارڈ کی درستگی کے لیے پریس ریلیز جاری کی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ ٹرانسپیرنسی انٹرنیشنل کی رپورٹ کا غلط مطلب نکالا گیا۔ رپورٹ سے کرپشن میں کمی یا اضافہ مراد نہیں لیا جاسکتا۔ پاکستان کا معیاری مارجن 46.2 ہے جو کرپشن انڈیکس میں تبدیلی ظاہر نہیں کرتا۔
یاد رہے کہ اس سے قبل معاونِ خصوصی فردوس عاشق اعوان نے بدعنوانی کے متعلق ٹرانسپیرنسی انٹرنیشنل کی رپورٹ مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ رپورٹ شفاف نہیں۔
میڈیا نمائندگان سے دو روز قبل گفتگو کرتے ہوئے معاونِ خصوصی اطلاعات فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ پاکستان میں بدعنوانی کے بارے میں ٹرانسپیرنسی انٹرنیشنل کی رپورٹ پر ہمیں تحفظات ہیں۔
مزید پڑھیں: فردوس عاشق اعوان نے ٹرانسپیرنسی انٹرنیشنل کی رپورٹ مسترد کردی