وفاق المدارس العربیہ پاکستان کے صدر مولانا مفتی محمد تقی عثمانی نے کہا ہے کہ وفاق المدارس العربیہ پاکستان کے تحت امسال ایک لاکھ طلبہ و طالبات قرآن مجید حفظ کرنے کی سعادت حاصل کر رہے ہیں۔ اللہ نے قرآن مجید کی حفاظت کا جو وعدہ فرمایا ہے تو اللہ نے اس کی حفاظت کے لئے ایک ایسا عجیب طریقہ مقرر فرمایا جس کی نظیر دنیا میں نہیں، اللہ تعالیٰ ان بچوں سے قرآن مجید کی حفاظت کا کام لے رہیں۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے وفاق المدارس العربیہ پاکستان کے حفظ قرآن کے مقابلوں کے سلسلے میں صوبائی مقابلہ (مسابقہ) منعقدہ دارلعلوم کورنگی سے خطاب کرتے ہوئے کیا،مسابقات حفظ قرآن کی صوبائی سطح کے اس مقابلے میں میں سندھ بھر کے اضلاع سے منتخب 11 طلباء نے حصہ لیا۔
اس موقع پر وفاق المدارس العربیہ پاکستان کے جنرل سیکریٹری مولانا حنیف جالندھری ، صوبائی ناظم مولانا امداد اللہ یوسف زئی نے بھی خطاب کیا، جبکہ مفتی زبیر اشرف عثمانی نے خطبہ استقبالیہ پیش کیا اور ان مسابقات کے ذریعہ طلباء کی تعلیمی صلاحیت میں اضافہ کی اہمیت پر گفتگو کی۔
مقابلوں میں صوبائی سطح پر پہلی تین پوزیشن حاصل کرنے والے طلباء اسلام آباد میں منعقد ہونے والے مقابلوں میں شریک ہوں گے،وفاق المدارس کی مرکزی مسابقہ کمیٹی کے کنوینئر مولانا قاری احمد میاں تھانوی نے ان مسابقات کی اہمیت پر مختصر گفتگو کرتے ہوئے نتائج کا اعلان کیا۔
مسابقات حفظ قرآن کے صوبائی سطح کے اس مقابلے میں ادارہ معارف القرآن گلزار ھجری کے طالبعلم محمد جان بن عبداللہ جان نے پہلی،مدرسہ سراجیہ ظہیریہ منظور کالونی کے حارث احمد بن مثقال الدین نے دوسری اور مدرسہ جامع القرآن عثمان بن عفان ناظم آباد کے محمد جنید بن عبد العزیز نے تیسری پوزیشن حاصل کی۔
پوزیشن حاصل کرنے والے اور دیگر آٹھ شرکاء کو بھی نقد انعامات و اعزازات سے نوازا گیا، جبکہ وفاق المدارس کی مجلس عاملہ کے رکن ومعاون صوبائی ناظم مولانا ناصر محمود سومرو نے پہلی پوزیشن حاصل کرنے والے طالب علم محمد جان بن عبداللہ جان اور ان کے استاد کو فوری طور پر عمرے پر بھیجنے کا اعلان کیا،جبکہ مرکزی ناظم دفتر مولانا عبدالمجید سمیت مولانا عبدالستار،مولانا راحت علی ہاشمی،وفاق المدارس کے میڈیا کوآرڈینیٹر مولانا طلحہ رحمانی و مولانا حکیم محمد مظہر سمیت دیگر نمایاں شخصیات نے شرکت کی۔
مولانا مفتی محمد تقی عثمانی نے اپنے خطاب میں مزید کہا کہ ان مسابقات کے انعقاد کا ایک سبب یہ ہے کہ لوگوں میں قرآن مجید کو تجوید کے ساتھ پڑھنے کا شوق پیدا ہو، نبی کریم صلی اللہ علیہ والہ و سلم کی بعثت کا ایک مقصد قرآن کی تلاوت ہے ، جس طرح اس قرآن کو سمجھ کر عمل کرنا مقصود ہے، اسی طرح قرآن مجید کی تلاوت بھی مقصود ہے۔
یہ بھی پڑھیں:
سائنسدان فرعون کی لاش کو اصل شکل دینے میں کامیاب
انہوں نے کہا کہ ساری دنیا اور دنیا میں جتنے بھی مذاہب ، علوم اور زبانیں موجود ہیں اس میں اس بات کی نظیر نہیں ملتی کہ یہ طے کیا گیا ہو کہ کون سا لفظ کس مخرج سے اور کن اصول کے تحت ادا ہوگا، یہ قرآن مجید کے لیے ہی اللہ نے ایسی زبان کا انتخاب کیا جس میں ان تمام اصول و قواعد کا خیال رکھا گیا ہے ، قرآن مجید کی تلاوت کرنے والا ایسا ہی پڑھے گا جیسے جبرائیل امین نے آپ صلی اللہ علیہ والہ و سلم کو پڑھایا اور جس طرح آپ صلی اللہ علیہ والہ و سلم نے پڑھا ۔ انہوں نے کہا کہ الحمد للہ اس سال وفاق المدارس العربیہ پاکستان سے ملحقہ مدارس میں ایک لاکھ حفاظ کرام تیار کئے گئے ہیں،ان مسابقات سے عوام کو یہ پیغام جانا چاہیے کہ خدارا قرآن مجید کو تجوید کے ساتھ پڑھنے کی استعداد اپنے اندر پیدا کریں، دنیا کے کاموں میں مسابقت مذموم عمل ہے لیکن دین کے کاموں میں مسابقت کی ترغیب دی گئی ہے، یہ ان مسابقے بابرکت ہے، ان شاءاللہ اس کا سلسلہ جاری رہے گا۔
وفاق المدارس العربیہ پاکستان کے جنرل سیکرٹری مولانا قاری حیف جالندھری نے کہا کہ کلام اللہ کی تلاوت سے اللہ کی رحمت متوجہ ہوتی ہے، پاکستان جن مسائل اور معاشی مشکلات کا شکار ہے، پورے ملک میں مسابقات کے انعقاد سے یہ مسائل ختم ہوں گے ، مصیبتیں راحتوں میں تبدیل ہوں گی، آج جو بچے ان مقابلوں میں حصہ لے رہے ہیں ان کی حوصلہ افزائی ہونی چاہیے، آج جو بچے یہاں قرآن سنا رہے ہیں یہی دینی مدارس کی کارکردگی ہے، ہم نے ان مسابقات کی صورت میں بھی اپنی کارکردگی قوم کے سامنے پیش کی ہے ، ان شاءاللہ اس سے لوگوں میں قرآن پڑھنے کا شوق پیدا ہوگا۔