اسٹاک ہوم: اسٹاک ہوم انٹرنیشنل پیس ریسرچ انسٹیٹیوٹ (سپری) کی جانب سے اپنی تازہ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ آئندہ برسوں میں دنیا میں جوہری ہتھیاروں کے ذخائر مزید بڑھ سکتے ہیں۔
بین الاقوامی خبر رساں ادارے کے مطابق رپورٹ میں اس بات کا انکشاف ہوا ہے کہ دنیا کی سبھی نو ایٹمی طاقتیں اپنے جوہری ہتھیاروں کو جدید سے جدید تر بنانے کی جنگ میں مصروف رہی ہیں جس سے آئندہ برسوں میں ایٹمی ہتھیاروں کی تعداد میں اضافہ ہوسکتا ہے۔
رپورٹ کے مندرجات کے مطابق دنیا کے 90 فیصد جوہری ہتھیار رکھنے والے امریکا اور روس کے ذخائر میں گزشتہ برس کمی دیکھی گئی جس کی بنیادی وجہ برسوں پہلے تیار کردہ وار ہیڈز کا ناکارہ ہوجانا ہے تاہم اس وقت ان ممالک کے پاس قابل استعمال ایٹمی ہتھیار نسبتاً مستحکم ہیں۔
سپری کی تازہ رپورٹ کے مطابق دیگر ایٹمی ممالک بالخصوص شمالی کوریا اپنے جوہری ہتھیاروں کے نئے سسٹم تشکیل دے رہے ہیں۔ کچھ نے عملاً کام شروع کردیا ہے اور کچھ نے صرف اعلان کیا ہے۔
مزید پڑھیں:تائیوان مسئلے پر چین کا امریکا کو سخت جواب کا انتباہ