کراچی میں جاری انڈر 23 ورلڈ اسکواش چیمپیئن شپ میں پاکستان کے نوجوان کھلاڑی نور زمان نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے فائنل میں جگہ بنا لی ہے۔
تفصیلات کے مطابق سیمی فائنل میں نور زمان کا مقابلہ ملیشیا کے چندرن سے ہوا، جہاں انہوں نے زبردست کھیل پیش کیا۔ پہلے گیم میں نور زمان نے 6-11 سے کامیابی حاصل کی، جب کہ دوسرا گیم بھی 2-11 کے واضح فرق سے جیتا۔
تیسرے گیم میں نور زمان 4-6 سے آگے تھے جب ملیشیائی کھلاڑی چندرن انجری کا شکار ہو کر میچ سے دستبردار ہوگئے، یوں نور زمان کو فائنل میں پہنچنے کا موقع مل گیا۔
دوسرے سیمی فائنل میں مصر کے کریم التورکی نے اپنے ہم وطن اور ٹاپ سیڈ کھلاڑی ابراہیم الکبانی کو تین کے مقابلے میں ایک گیم سے شکست دے دی۔ اس میچ کا اسکور 11-7، 2-11، 8-11، اور 5-11 رہا۔ اب فائنل میں پاکستان کے نور زمان کا مقابلہ مصر کے کریم التورکی سے ہوگا۔
خواتین کے مقابلے میں ہانگ کانگ کی چِن سن یوک نے سخت مقابلے کے بعد اپنی ملیشیائی حریف کو 2-3 سے شکست دے کر فائنل میں جگہ بنا لی۔ خواتین کا فائنل چِن سن یوک اور مصر کی فیروز ابوالخیر کے درمیان کھیلا جائے گا۔