لاہور: پنجاب اسمبلی میں ہونے والے انتخابات کیلئے مختلف سیاسی جماعتوں کے امیدواروں کی جانب سے کاغذاتِ نامزدگی جمع کرانے کا سلسلہ جاری ہے۔
تفصیلات کے مطابق الیکشن کمیشن آف پاکستان نے کاغذاتِ نامزدگی جمع کرانے کی آخری تاریخ 14مارچ مقرر کی۔ پنجاب اسمبلی کی رکنیت کیلئے امیدواروں کو کاغذات ریٹرننگ افسران کو جمع کرانے کی ہدایت کی گئی ہے۔
عمران خان پر فردِ جرم کا خدشہ، ریفرنس کی سماعت آج ہوگی
مختلف سیاسی جماعتوں کے امیدوار منگل کے روز تک اپنے کاغذاتِ نامزدگی متعلقہ افسر کو جمع کراسکیں گے۔نامزد امیدواروں کے نام بدھ کے روز شائع کردئیے جائیں گے جبکہ کاغذاتِ نامزدگی کی جانچ پڑتال 22مارچ تک جاری رہے گی۔
جو امیدوار اپنے کاغذاتِ نامزدگی واپس لینا چاہیں، 5 اپریل کے روز واپس لے سکیں گے جبکہ الیکشن کمیشن آف پاکستان کا پنجاب اسمبلی انتخابات کے متعلق کہنا ہے کہ امیدواروں کی حتمی فہرست اسی روز شائع کردی جائے گی۔
آئندہ ماہ کی 6 تاریخ کو امیدواروں کو انتخابی نشانات جاری کیے جائیں گے جبکہ پولنگ 30 اپریل کو ہوگی۔ تحریکِ انصاف، مسلم لیگ (ن) اور پیپلز پارٹی سمیت دیگر جماعتوں کے امیدوار میدان میں آگئے۔ پی ٹی آئی اور ن لیگ میں کانٹے کا مقابلہ متوقع ہے۔