پاکستانی کرکٹ کے ستارے اب دنیا کے مختلف میدانوں میں جگمگائیں گے کیونکہ پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے بدھ کے روز کئی قومی کھلاڑیوں کو بیرونِ ملک لیگز کھیلنے کے لیے نو آبجیکشن سرٹیفکیٹ ( این او سی) جاری کر دیئے۔
ذرائع کے مطابق، بابر اعظم کو بگ بیش لیگ کھیلنے کے لیے 14 دسمبر 2025 سے 28 جنوری 2026 تک کا این او سی جاری کیا گیا ہے۔ بابر کے ساتھ شاہین آفریدی اور محمد رضوان کو بھی اسی مدت کے لیے این او سی جاری کیا گیا ہے۔
کاشف علی انگلینڈ کی کینٹ کاونٹی کی نمائندگی کریں گے، محمد عامر کو ایسیکس کاونٹی کے لیے 18 جولائی 2025 تک کھیلنے کی اجازت دی گئی ہے۔
شان مسعود لیسٹرشائر کاونٹی کے ساتھ یکم ستمبر 2025 تک ایکشن میں ہوں گے،حسن علی واروک شائر کاونٹی کے لیے 30 ستمبر 2025 تک کھیلیں گے۔
تیز گیند باز محمد عباس اور خرم شہزاد کو 27 ستمبر 2025 تک کا NOC جاری کیا گیا ہے۔ محمد نواز کو گیانا سپر لیگ اور CPL کے لیے این او سی دیا گیا ہے۔
تیز رفتار حارث رؤف کو میجر لیگ کرکٹ میں ایکشن دکھانے کا گرین سگنل مل چکا ہے۔
پی سی بی اب کرکٹرز کو عالمی کرکٹ میں مواقع دینے کے لیے زیادہ کھلے دل کا مظاہرہ کر رہا ہے، اور کھلاڑی بھی اپنی صلاحیتوں کے جوہر دنیا بھر میں دکھانے کے لیے پرجوش نظر آ رہے ہیں۔