پاکستان میں نصیب جمال نامی والد نے اپنی 6 بچیوں کو ہنر مند بنا کر بیٹے اور بیٹی کی تفریق ختم کرتے ہوئے قوم کیلئے ایک مثال قائم کردی ہے۔
تفصیلات کے مطابق نصیب جمال نامی کراچی کے رہائشی شہری نے 6 بیٹیوں کو الیکٹرک کا کام اور برقی آلات کی مرمت سکھائی۔ نصیب جمال کے مطابق خواتین کو تعلیم و ترقی میں مضبوط و مستحکم کرنے کیلئے والدین کو ان پر اعتماد کرنا ہوگا۔
قابلِ فخر پاکستانی شہری نصیب جمال کا کہنا ہے کہ والدین کو چاہئے کہ اپنے بیٹوں اور بیٹیوں کو مساوی اہمیت دیں۔ میں نے کراچی کے علاقے قصبہ کالونی میں 20 سال تک الیکٹریشن کا کام کیا اور یہی ہنر اپنی بیٹیوں میں بھی منتقل کیا۔
معاشرے میں خواتین کیلئے موجود رسم و رواج کی دیواروں اور فرسودہ سوچ کو شکست دیتے ہوئے نصیب جمال کا کہنا ہے کہ اللہ تعالیٰ نے مجھے 8 بیٹیاں عنایت فرمائیں، رشتہ داروں اور اہلِ خانہ کی طرف سے منفی باتیں بھی ہوئیں۔
نصیب جمال نے کہا کہ عموماً بچوں اور بچیوں میں فرق کرنے کی سوچ ہنر مندی نہ ہونے کی وجہ سے پیدا ہوتی ہے، میں نے اپنی بیٹیوں کو ہنر مند بنانے کیلئے انہیں اپنی دکان پر لے جانا شروع کیا جس کا مثبت نتیجہ برآمد ہوا۔
عوامی ردِ عمل کا ذکر کرتے ہوئے نصیب جمال کا کہنا تھا کہ میری بیٹیاں 4 سے 6 سال کی عمر میں دکان پر آنے جانے لگیں تو باتیں بننا شروع ہو گئیں۔ خود بچیوں کی دادی کہنے لگیں کہ یہ بات روایات کے برعکس ہے۔ یہ کوئی اچھی بات نہیں۔
انہوں نے کہا کہ جلد ہی برقی آلات کی مرمت اور الیکٹریشن کے کام پر میری بیٹیوں کو مہارت حاصل ہوئی۔ بلاشبہ معاشرتی اقدار بھی اپنی جگہ اہم ہیں۔ میری 13 سے 14 سالہ بیٹیاں گھر پر ہیں تاہم بیٹیوں کو ہنر سکھانے کے بعد ان کے مستقبل کی زیادہ فکر نہیں۔
یہ بھی پڑھیں: تبادلہ کرانے والوں کو واپس بھیجنا مضحکہ خیز ہے۔ماہرینِ قانون