اسلام آباد: وفاقی حکومت نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں برقرار رکھنے کا فیصلہ کیا ہے جن میں آئندہ ماہ نومبر سے قبل کمی بیشی نہیں کی جائے گی۔
تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم شہباز شریف کی ہدایت پر وفاقی حکومت نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں برقرار رکھنے کا فیصلہ کیا۔ وزیرِ خزانہ اسحاق ڈار کا کہنا ہے کہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں 31 اکتوبر تک برقرار رہیں گی۔
عوام کی تکالیف دیکھ کر پیٹرولیم لیوی نہ لگانیکا فیصلہ کیا۔ اسحاق ڈار
وفاقی وزیرِ خزانہ نے کہا کہ آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی (اوگرا) نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں معمولی کمی کی سفارش کی تھی۔ ڈیزل، لائٹ ڈیزل اور مٹی کے تیل کی قیمتیں بڑھانے کی بھی سفارش کی گئی تھی۔
وزیرِ خزانہ اسحاق ڈار نے کہا کہ میں نے وزیر اعظم شہباز شریف سے مشاورت کے بعد پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں برقرار رکھنے اور قیمتوں میں کمی بیشی نہ کرنے کا فیصلہ کیا۔ 31اکتوبر تک پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں جوں کی توں رہیں گی۔
یاد رہے کہ اس سے قبل وزیرِ خزانہ اسحاق ڈار نے کہا کہ ہم نے عوام کی تکالیف کو دیکھتے ہوئے پیٹرولیم لیوی نہ لگانے کا فیصلہ کیا۔ گزشتہ 25 سال سے آئی ایم ایف سے ڈیل کرنے کے باعث پر امید ہوں کہ پاکستان کے معاملات بہتر ہوجائیں گے۔
وزیر خزانہ نے 5 روز قبل نجی ٹی وی پروگرام کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان میں روپے کی قدر مستحکم ہورہی ہے اور آگے بھی ہوگی۔ اگر عوام کو ریلیف دیا تو کسی کو کیا پریشانی ہے؟