جرمن وی لاگر کرسچن بیٹزمین نے اداکارہ زویا ناصر سے علیحدگی کے بعد وضاحت کرتے ہوئے کہا ہے کہ میں نے کبھی کسی مذہب یا ملک کی توہین نہیں کی۔
فوٹو شیئرنگ پلیٹ فارم انسٹا گرام پر اپنے پیغام میں جرمن وی لاگر نے کہا کہ میں نے کبھی کوئی غلط بات نہیں کی، اس لیے معذرت نہیں کروں گا لیکن لوگوں کا باتوں کو توڑ مروڑ کر پیش کرنا مضحکہ خیز ہے۔
پیغام میں کرسچن نے کہا کہ پاکستان نے مجھے کھلے دل کے ساتھ خوش آمدید کہا جس کیلئے میں ہمیشہ شکرگزار رہوں گا۔ میں اپنے مداحوں سے پیار کرتا ہوں جو مجھے ملک کا اچھا تاثر اور کچھ مزاحیہ پہلوؤں سے متعلق بتاتے ہیں۔
معروف اداکارہ زویا ناصر سے علیحدگی کے متعلق گفتگو کرتے ہوئے کرسچن بیٹزمین نے کہا کہ مجھے پاکستان کی ثقافت کی جبکہ زویا کو میری تہذیب کی پیروی کرنا تھی۔ اورنگی ٹاؤن کراچی میں مجھے بد ترین آلودگی کا سامنا کرنا پڑا۔
گفتگو کے دوران وی لاگر کرسچن نے کہا کہ یہ حقائق ہیں جس کا یہ مطلب نہیں کہ مجھے پاکستان سے یا اس کے لوگوں سے نفرت ہے۔ یہ جھوٹ ہے۔ میں نے ایسا اس لیے کہا کیونکہ مجھے پاکستان کی فکر ہے اور میں چاہتا ہوں کہ ایک دن یہ سب تبدیل ہوجائے۔
وی لاگر کرسچن نے کہا کہ اگر آپ مثبت تبدیلی چاہتے ہیں تو غلطیوں کو تسلیم کرنا سیکھیں اور کوئی راستہ نکالیں تاکہ وہ درست ہوسکیں۔ مسائل کو نظر انداز کرنے سے آپ کبھی کچھ ٹھیک نہیں کرپائیں گے۔
اسلام کی توہین سے متعلق وضاحت کرتے ہوئے کرسچن بیٹزمین نے کہا کہ میں نے کبھی کسی مذہب یا اس کی عبادات کی توہین نہیں کی۔ عبادات اور مذہب خوبصورت ہوتے ہیں لیکن اعمال کے بغیر وہ اتنے مؤثر ثابت نہیں ہوسکتے، خاص طورپر جب جنگ کا ماحول ہو۔
انہوں نے کہا کہ حقائق کو توڑ مروڑ کر نفرت پھیلانا حقیقی تبدیلی کیلئے درست حال تلاش کرنے سے زیادہ آسان ہوتا ہے۔ میں ہمیشہ سے فلسطینیوں اور اپنے مسلمان بھائیوں کے ساتھ ہوں اور میں نے کسی بھی طرح اسرائیل کی حمایت نہیں کی۔
سوشل میڈیا صارفین پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کرسچن بیٹزمین نے کہا کہ اسلام امن کا دین ہے لیکن بدقسمتی سے جب میں سوشل میڈیا کے تبصرے دیکھتا ہوں تو نفرت اور تشدد نظر آتا ہے۔ ہمیں یقینی بنانا ہوگا کہ مذہب کو مثبت انداز میں دنیا تک پہنچایا جائے۔
اپنے پیغام کے آخر میں کرسچن بیٹزمین نے کہا کہ میں سوشل میڈیا سے دور کچھ وقت گزاروں گا اور اپنے آئندہ کا لائحۂ عمل ترتیب دوں گا۔ پہلے جو سوشل میڈیا پیغامات اور تبصروں کا راستہ بند کیا تھا، وہ کھول رہا ہوں۔
یہ بھی پڑھیں: فریال رقیب سے آخری قسط تک دیکھنے کیلئے مداحوں کی شکرگزار