لاہور: مشیر داخلہ و اطلاعات پنجاب اور پی ٹی آئی کے رہنماء عمر سرفراز چیمہ کا کہنا ہے کہ عمران خان پر ایک سوچی سمجھی اور منظم سازش کے تحت حملہ کیا گیا۔
عمرسرفراز چیمہ نے رہنما پی ٹی آئی مصدق عباسی کے ہمراہ لاہور میں پریس کانفرنس کے دوران کہا کہ مسلم لیگ ن کے قائدین کو عمران خان پر حملے کی تحقیقات کے لئے بلایا گیا تھا لیکن وہ نہیں آئے، اگر دوبارہ سمن کرنے پر یہ لوگ نہیں پیش ہوں گے تو ان کی گرفتاری کے آرڈر جاری کئے جائیں گے۔
اُنہوں نے کہا کہ پہلے دن سے وفاقی حکومت اور مسلم لیگ ن کی طرف سے کہا گیا تھا عمران خان پر حملہ کرنے والا مذہبی جنونی شخص ہے۔ جو لوگ سمجھتے ہیں کہ ان کا دامن صاف ہے ان کو بالکل بھی گھبرانا نہیں چاہیے۔
پی ٹی آئی مصدق عباسی کا کہنا تھا کہ پولی گرافی رپورٹ کے مطابق عمران خان پر حملے میں اور لوگ بھی شامل تھے، پولی گرافی ٹیسٹ کے مطابق نوید نے باقاعدہ تربیت حاصل کی، نوید ایک تربیت یافتہ ہے اور باقی لوگوں کے ساتھ مل کر اس نے حملہ کیا۔
پولی گرافی رپورٹ میں مشینوں کے ذریعے پتہ لگایا جاتا ہے کہ بولنے والا سچ بول رہا ہے یا جھوٹ بول رہا ہے، نوید کو پولی گرافی ٹیسٹ سے گزارا گیا۔
عمر سرفراز چیمہ نے کہا کہ پاکستانی نژاد تسنیم حیدر نے لندن میں پریس کانفرنس کی، اس نے بتایا میاں نوازشریف، مریم نواز، ناصر بٹ اور دیگر عمران خان پر حملے کی گھناؤنی سازش میں پوری طرح ملوث ہیں، اس کے پاس آڈیو، ویڈیو ثبوت موجود ہیں جو اس نے برطانوی پولیس کو مہیا کر دئیے ہیں، تسنیم حیدر جے آئی ٹی سے رابطے میں ہے، اس ساری تحقیقات کو الگ سے دیکھا جا رہا ہے۔
مزید پڑھیں:وزیر اعظم ترقیاتی منصوبوں کا سنگِ بنیاد رکھنے کیلئے ڈیرہ اسماعیل خان کا دورہ آج کریں گے
مشیر اطلاعات پنجاب کا مزید کہنا تھا کہ عمران خان کے گارڈز کی جانب سے کوئی فائر نہیں کیا گیا، حملہ آور ایک سے زائد تھے، واقعے کے بات پر مخالفین کی جانب سے جو تاثر پیدا کیا گیا اس میں کوئی سچائی نہیں تھی۔