اسلام آباد: پاکستان بھر میں 5 روزہ قومی انسدادِ پولیو مہم باضابطہ طور پر شروع ہو گئی جس کے دوران قوم کے 3 کروڑ 96 لاکھ بچوں کو پولیو ویکسین کے قطرے پلائے جائیں گے۔
تفصیلات کے مطابق 5 روزہ انسدادِ پولیو مہم 21 سے 25 ستمبر تک سندھ، پنجاب، خیبر پختونخوا اور بلوچستان کے ساتھ ساتھ گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر میں جاری رہے گی۔مہم میں انسدادِ پولیو ٹیم کے 2 لاکھ 70 ہزار ورکرز شامل ہیں۔
قومی انسدادِ پولیو مہم میں 26 ہزار 384 علاقہ انچارج، 8 ہزار 434 یونین کونسل طبی افسران، 2 لاکھ 17 سو 99 موبائل سروسز اور 11 ہزار 714 ٹرانزٹ ٹیمز شامل ہوں گی۔ صوبہ سندھ سمیت ملک بھر میں مہم کا آغاز ہوگیا۔
سندھ کے صوبائی دارالحکومت کراچی میں رورل ہیلتھ مرکز بلدیہ ٹاؤن پر بچوں کو انسدادِ پولیو ویکسین کے قطرے پلائے گئے۔ پنجاب میں 2 کروڑ سے زائد بچوں کو پولیو ویکسین کے قطرے پلانے کا ہدف مقرر ہے۔
پنجاب کی انسدادِ پولیو مہم میں 44 ہزار ٹیمز کو شامل کیا گیا ہے۔ ملک بھر میں رواں برس 72 پولیو کیسز ریکارڈ کیے گئے جس کے پیشِ نظر حکومتِ وقت، ماہرینِ طب اور سماجی و سیاسی شخصیات نے عوام سے تعاون کی اپیل کی ہے۔
حکام کا کہنا ہے کہ عوام کو انسدادِ پولیو مہم میں تعاون کرتے ہوئے اپنے 5 سال اور اس سے کم عمر کے بچوں کو انسدادِ پولیو ویکسین کے قطرے ضرور پلوانے چاہئیں تاکہ پاکستان کو پولیو جیسی وباء سے پاک کیا جاسکے۔
یہ بھی پڑھیں: ہمیشہ اپنے بچوں کی پولیو ویکسنیشن کراتا ہوں۔ فہد مصطفی