کراچی: وزیرِ بلدیات سندھ سیّد ناصر حسین شاہ نے کہا ہے کہ پیپلز پارٹی کے خمیر میں عوامی خدمت ہے جبکہ جماعتِ اسلامی میں تعصب پایا جاتا ہے۔ جماعتِ اسلامی کے لوگوں نے اسلحہ درسگاہوں میں پہنچا کر تعلیم کو تباہ کردیا۔
تفصیلات کے مطابق گزشتہ روز امیر جماعتِ اسلامی کراچی حافظ نعیم کے بیان پر ردِ عمل دیتے ہوئے صوبائی وزیر ناصر حسین شاہ نے کہا کہ حافظ نعیم میئر بننے کیلئے اتنا تعصب برتیں گے، اس کا اندازہ نہیں تھا۔
عمران خان! 2018 اب واپس نہیں آسکتا، احسن اقبال
اپنے بیان میں وزیرِ بلدیات سندھ نے کہا کہ حافظ نعیم کا کراچی پولیس میں مقامی افراد بھرتی نہ ہونے سے متعلق بیان افسوسناک اور متعصبانہ ہے۔ ہماری جماعت جماعتِ اسلامی کی طرح نہ تنگ نظر اور نہ ہی تعصب پرست ہے۔
صوبائی وزیر ناصر حسین شاہ نے کہا کہ پیپلز پارٹی کا خمیر عوامی خدمت اور سیاسی دانش پر مبنی جبکہ جماعتِ اسلامی کا خمیر متعصبانہ ہے۔ پیپلز پارٹی نے مردم شماری پر عمران خان حکومت سے اختلاف کیا جب جماعت اسلامی بی ٹیم بنی ہوئی تھی۔
وزیرِ بلدیات سندھ نے کہا کہ جماعتِ اسلامی بھول گئی ہے کہ کراچی کی درسگاہوں میں اسلحہ جماعتِ اسلامی کے لوگوں نے پہنچا کر تعلیم کو تباہ کردیا۔ ہماری سندھ حکومت نے کراچی کا امن بحال کیا، جماعتِ اسلامی تو دہشت گردی کو ہوا دے رہی تھی۔
خیال رہے کہ جماعتِ اسلامی کی جانب سے پیپلز پارٹی اور دیگر جماعتوں کے خلاف بیانات سیاسی معمول کا حصہ ہیں۔ناصر حسین شاہ نے کہا کہ کراچی کے باشعور عوام کسی تنگ نظر اور متعصبانہ جماعت کو کبھی منتخب نہیں کریں گے۔