پنجاب کے شہر نارووال کے علاقے ماڈل ٹاؤن سے تعلق رکھنے والے 12 سالہ احمد نے مبینہ طور پر اس وقت خودکشی کر لی جب اس کے والدین غربت کے باعث عیدالاضحی کے لیے نئے جوتے نہ خرید سکے۔
احمد کے والد محمد نوید ایک مزدور ہیں، اور مقامی میڈیا رپورٹس کے مطابق احمد نے عید کے موقع پر نئے جوتوں کی فرمائش کی تھی، مگر مالی تنگی کے باعث والدین یہ خواہش پوری نہ کر سکے۔
احمد نے گھر میں اکیلے ہونے کے دوران تیز دھار آلے سے اپنی گردن کاٹ لی۔ شدید زخمی حالت میں اسے ضلعی اسپتال منتقل کیا گیا، جہاں ڈاکٹروں نے اس کی موت کی تصدیق کی۔قانونی کارروائی مکمل کرنے کے بعد پولیس نے لاش ورثا کے حوالے کر دی۔
واضح رہے کہ ملک میں بے پناہ مہنگائی، غربت اور بے روزگاری کی وجہ سے غریب اور متوسط طبقات کیلئے زندگی کی گاڑی چلانا انتہائی دشوار ہوچکا ہے، ایسے میں عید تہوار کے موقع پر بچوں کو نئے کپڑے اور جوتے دلوانا بہت مشکل ہوجاتا ہے۔