اسلام آباد: نیشنل ڈیٹا بیس اینڈ رجسٹریشن اتھارٹی (نادرا) نے شناختی کارڈ کو ڈیجیٹل والٹ میں تبدیل کرنے کا فیصلہ کرتے ہوئے ایپ پر کام کا آغاز کردیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق نادرا نے وزیر اعظم عمران خان کے ڈیجیٹل پاکستان ویژن کے تحت شہریوں کے کمپیوٹرائزڈ شناختی کارڈز (سی این آئی سی) کو ڈیجیٹل والٹ بنانے کا فیصلہ کیا ہے۔ متعلقہ ایپ پر کام شروع کردیا گیا جس پر رواں برس کے دوران پیشرفت متوقع ہے۔
گوگل کے خلاف صارفین کا لوکیشن ڈیٹا دھوکے سے جمع کرنے اور بیچنے پر مقدمہ
چیئرمین نادرا طارق ملک کے مطابق رواں سال کے آخر میں کمپیوٹرائزڈ شناختی کارڈ کو ڈیجیٹل والٹ بنانے سے متعلق ایپ کی اپ ڈیٹ شہریوں کو ڈاؤن لوڈ کیلئے فراہم کردی جائے گی۔
مبینہ طور پر قومی شناختی کارڈ بنانے والا ادارہ (نادرا) متعلقہ ایپ کو اینڈرائڈ کے علاوہ آئی او ایس موبائل فونز کیلئے بھی دستیاب بنانے پر کام کر رہا ہے۔
چیئرمین نادرا کا کہنا تھا کہ قومی شناختی کارڈ کے درخواست دینے والوں کو آن لائن سہولت کی فراہمی کیلئے ڈیجیٹل آئی ڈی سے متعلق پاک شناخت موبائل ایپ کا آغاز کیا گیا ہے۔
نادرا کے سربراہ نے کہا کہ مذکورہ ایپ نادرا کے دفتر یا سفارت خانے تک جائے بغیر بائیو میٹرک فنگر پرنٹ، چہرہ شناسی اور اسمارٹ فونز کے ذریعے دستاویزات اسکین کرنے میں معاون ہے۔