میڈرڈ: رافیل نڈال نے کورونا وائرس کی وجہ سے پریکٹس بند ہونے پر مایوسی کا اظہار کیا ہے جبکہ راجر فیڈرر گھٹنے کی سرجری سے صحت یاب ہونے پر خوش دکھائی دیتے ہیں۔
ہسپانوی حکومت نے ملک کی ہنگامی حالت میں 9 مئی تک توسیع کردی ہے جبکہ سوائے مخصوص سیکٹر میں کام کرنے والی ایک چھوٹی تعداد کےعلاوہ پوری آبادی اپنے گھروں تک محدود رہی ۔
لاک ڈاؤن کی وجہ سے پریکٹس سے محروم ہونے کی وجہ سے رافیل نڈال مایوس کا شکار ہیں۔
ان کا کہنا ہے کہ میں سمجھتا ہوں کہ ہم ایک انتہائی نازک صورتحال سے گزررہے ہیں ،میں صورتحال کو سمجھتا ہوں اور ظاہر ہے کہ بہت سی چیزیں ایسی ہیں جو منطقی نہیں ہیں لیکن آپ کو قواعد کو قبول کرنا پڑے گا۔
رافیل نڈال نے ٹینس کے مداحوں کے ساتھ انسٹاگرام لائیو پر پروگرام کیا جس میں لاک ڈاؤن کے دوران اپنے تجربات کے بارے میں بات کی۔
واضح رہے کہ گذشتہ ماہ ومبلڈن کو دوسری عالمی جنگ کے بعد پہلی بار منسوخ کردیا گیا تھا
رافیل نڈال کاکہنا ہے کہ میں ٹینس نہیں کھیل رہا ہوںاور مجھے اس کی تھوڑی بہت کمی محسوس ہوتی ہے۔میں اپنے جسمانی معمولات پر قائم ہوں۔
لاک ڈاؤن سے قبل میں ٹریننگ اکیڈمی سے کچھ مشینیں گھر لے آیا تھا جن کی مدد سے میں صبح اور دوپہر کے وقت تھوڑا سا کام کرنے کی کوشش کرتا ہوں۔
دوسری جانب راجر فیڈرر کا کہنا ہے کہ گھٹنے کی سرجری کے بعد صحت یاب ہورہا ہوں، ان کا کہنا ہے کہ مجھے چھ ہفتے پہلے بہت اچھا موقع ملا تھااور میں نے اپنے گھٹنے کی سرجری کرالی تھی اوراب میرا گھٹنا بہتر ہورہا ہے اوران دنوں کوئی کوئی تناؤ یاجلدی نہیں ہے۔