اسلام آباد: نگران وزیرِ اطلاعات و نشریات مرتضیٰ سولنگی نے بجلی کے بلز پر ملک گیر احتجاج پر ردِ عمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ عوامی غصہ جائز ہے تاہم مسئلے کے حل کی طرف آئیں۔
تفصیلات کے مطابق گزشتہ روز نجی ٹی وی پروگرام میں گفتگو کے دوران نگران وفاقی وزیرِ اطلاعات نے کہا کہ عوام کو بجلی کے جو بل موصول ہوئے وہ جولائی کے تھے، ہماری نگران وفاقی کابینہ نے حلف 17اگست کو اٹھایا۔
جے یو آئی کا کے الیکٹرک ہیڈ آفس کے گھیراؤ کا اعلان
گفتگو کے دوران وزیرِ اطلاعات مرتضیٰ سولنگی نے کہا کہ اس بحث میں نہیں جائیں گے کہ بجلی کے بلز میں اضافہ کیوں ہوا؟ ذمہ دار کون ہے؟ ہماری ترجیح عوام کو ریلیف دینا ہے۔ یہ نہیں ہوسکتا کہ اس مسئلے کا نوٹس نہ لیا جائے۔
نگران وزیرِ اطلاعات نے کہا کہ وفاقی کابینہ اجلاس میں بجلی بلز کے مسئلے پر بات چیت ہوئی ہے۔ عوام کو ریلیف ملے گا۔ نگران وزیر اعظم انوار الحق کاکڑ 2 روز قبل بجلی بلز پر عوامی احتجاج کے معاملے کا نوٹس لے چکے ہیں۔
وزیرِ اطلاعات مرتضیٰ سولنگی نے کہا کہ پیر کو بھی وزیر اعظم نے اسٹیک ہولڈرز کے ساتھ میٹنگ کی۔ غور کر رہے ہیں کہ آئی ایم ایف پروگرام کے ہوتے ہوئے عوام کو کیا ریلیف دے سکتے ہیں۔ میڈیا عوام کو بجلی بلز میں اضافے کی وجوہات بتائے۔